ماخوذ: فتاوی امن پوری از شیخ غلام مصطفی ظہیر امن پوری
سوال :
جادو کے متعلق کیا فرماتے ہیں؟
جواب :
جادو برحق ہے، قرآن، احادیث متواترہ اور اجماع امت اس پر دال ہیں۔
❀ علامہ قرطبی رحمہ اللہ (671ھ) فرماتے ہیں:
ذهب أهل السنة إلى أن السحر ثابت وله حقيقة.
”اہل سنت والجماعت کا مذہب ہے کہ جادو ثابت ہے اور اس کی حقیقت ہے۔“
(تفسير القرطبي : 46/2)
❀ حافظ ابن کثیر رحمہ اللہ (774ھ) نقل کرتے ہیں:
أجمعوا على أن السحر له حقيقة إلا أبا حنيفة، فإنه قال: لا حقيقة له عنده.
”ائمہ ثلاثہ جادو کی حقیقت ہونے پر متفق ہیں، سوائے امام ابو حنیفہ رحمہ اللہ کے، وہ کہتے ہیں کہ جادو کی کوئی حقیقت نہیں۔“
(تفسیر ابن کثیر : 212/1)