احکام الجنائز
بیمار پرسی کی فضیلت
مسلمان کے مسلمان پر حقوق
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
’’مسلمان کے مسلمان پر پانچ حقوق ہیں:
◈ جب ملے تو اسے سلام کہے یا اس کے سلام کا جواب دے۔
◈ جب بیمار ہو تو اس کی عیادت کرے۔
◈ جب مر جائے تو اس کا جنازہ پڑھے۔
◈ جب دعوت دے تو اسے قبول کرے۔
◈ اگر وہ چھینک پر (اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ) کہے، تو جواب میں (یَرْحَمُکَ اللّٰہُ) کہے۔‘‘
(بخاری، الجنائز باب الامر باتباع الجنائز: 1240۔ مسلم، السلام، باب من حق المسلم للمسلم رد السلام: 2162)
دن کے حصے کے اعتبار سے عیادت کی فضیلت
سیّدنا علی رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
’’جو مسلمان دوسرے مسلمان کی دن کے اول حصے میں (دوپہر سے پہلے) عیادت کرتا ہے تو ستر ہزار فرشتے اس کے لیے شام تک رحمت و مغفرت کی دعا کرتے ہیں،
اور جو مسلمان دن کے آخری حصے میں (دوپہر کے بعد) عیادت کرتا ہے تو ستر ہزار فرشتے اس کے لیے صبح تک رحمت اور مغفرت کی دعا کرتے ہیں، نیز اس کے لیے بہشت میں باغ ہے۔‘‘
(ترمذی، الجنائز، باب ما جاء فی عیادۃ المریض: 969، وابوداود، الجنائز، باب فی فضل العیادۃ علی وضوء: 3099۔ اسے ابن حبان، امام حاکم اور حافظ ذہبی نے صحیح کہا۔)
قال الشیخ زبیر علی زئی: <(969) إسناده ضعيف
جنت کے میوے چننے کی بشارت
نبی رحمت صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
’’مسلمان جب اپنے مسلمان بھائی کی تیمار داری کے لیے جاتا ہے تو وہ واپس لوٹنے تک جنت کے میوے چنتا ہے۔‘‘
(مسلم، البر والصلۃ، باب فضل عیادۃ المریض: 2568)