سوال:
بغیر وضو نماز کا کیا حکم ہے؟
جواب:
نماز کے لیے وضو فرض ہے، وضو کے بغیر نماز نہیں ہوتی۔
سیدنا عبد اللہ بن عمر رضی اللہ عنہما بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
لا تقبل صلاة بغير طهور
بے وضو نماز قبول نہیں ہوتی۔
(صحیح مسلم: 224)
سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
لا تقبل صلاة من أحدث حتى يتوضأ، قال رجل من حضرموت: ما الحدث يا أبا هريرة؟، قال: فساء أو ضراط
بے وضو انسان کی نماز قبول نہیں، یہاں تک کہ وہ وضو کر لے۔ حضرموت کا رہنے والا ایک شخص کہنے لگا: ابو ہریرہ! یہ حدث کیا ہے؟ فرمایا: پھسکی یا پاد۔
(صحیح البخاری: 135، صحیح مسلم: 225)
❀ علامہ ابن بطال رحمہ اللہ (449ھ) فرماتے ہیں:
أجمعت الأمة على أنه لا تجزئ صلاة إلا بطهارة، على ما جاء فى الحديث
امت کا اجماع ہے کہ بغیر طہارت کے نماز نہیں ہوتی، جیسا کہ حدیث میں آیا ہے۔
(شرح صحیح البخاری: 1/218، عارضة الأحوذی لابن العربی: 1/9، شرح النووی: 3/128، شرح أبی داود للعینی الحنفی: 1/184)