مرکزی مواد پر جائیں
18 شعبان، 1447 ہجری

بسم اللہ کہنے کے مواقع صحیح احادیث کی روشنی میں

فونٹ سائز:
یہ اقتباس شخبوط بن صالح بن عبدالھادی المری کی کتاب اپنے آپ پر دم کیسے کریں (نظربد، جادو، اور آسیب سے بچاو اور علاج) سے ماخوذ ہے۔ کتاب پی ڈی ایف میں ڈاونلوڈ کریں۔
مضمون کے اہم نکات

کھانے سے پہلے:

❀ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
اے نوجوان! اللہ کا نام لے، اپنے دائیں ہاتھ سے کھاؤ اور اپنے سامنے سے کھاؤ۔
[البخاري: 5376، مسلم: 2022]
❀ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان ہے کہ:
جب تم میں سے کوئی شخص کھانا کھانے لگے تو اسے بِسْمِ اللَّهِ کہنا چاہیے اور اگر شروع میں کہنا بھول جائے تو پھر اسے یوں کہنا چاہیے:
بِسْمِ اللَّهِ فِي أَوَّلِهِ وَآخِرِهِ
شروع اور آخر میں اللہ کے نام کے ساتھ۔
[صحيح الترمذي: 1858، صحيح الجامع: 380]

کپڑے اتارنے سے قبل:

❀ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان ہے کہ:
جنات کی نظروں اور بنی آدم کی شرمگاہوں کے مابین پردہ ہوتا ہے کہ جب تم میں سے کوئی کپڑے اتارے تو کہے:
بِسْمِ اللَّهِ
اللہ کے نام کے ساتھ۔
[الطبراني في الأوسط: 2504، صحيح الجامع الصغير: 3610]
بِسْمِ اللَّهِ ایسا کلمہ ہے جس کے پڑھنے کی وجہ سے جب انسان کپڑے اتارتا ہے تو شیطان انسان کی شرمگاہوں کی طرف دیکھنے کی طاقت نہیں رکھتا۔ ان الفاظ کے پردہ سے انسان جنات کے شر سے محفوظ رہتا ہے، پس اسے چاہیے کہ ان الفاظ کے کہنے میں غفلت نہ برتے۔ حدیث کے مطابق انسان صرف اتنے ہی الفاظ کہے جو حدیث سے ثابت ہیں، پوری بسم اللہ نہ پڑھے۔

بیت الخلاء جانے سے قبل:

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان ہے کہ:
جنات کی نظروں اور بنی آدم کی شرمگاہوں کے مابین پردہ ہوتا ہے کہ جب تم میں سے کوئی بیت الخلاء میں جائے تو یوں کہے:
بِسْمِ اللَّهِ
اللہ کے نام کے ساتھ۔
اور پھر یہ دعا پڑھے:
اللَّهُمَّ إِنِّي أَعُوذُ بِكَ مِنَ الْخُبُثِ وَالْخَبَائِثِ
اے اللہ! میں خبیث جنوں اور خبیثہ جننیوں سے آپ کی پناہ مانگتا ہوں۔
[البخاري: 142، مسلم: 375، أحمد والترمذي وابن ماجه، صحيح الجامع: 3611، سنن سعيد بن منصور، فتح الباري: 244/1، فيض القدير: 128/4، كما في الأدب المفرد: 692]
(الخُبُث): نر شیطان کو کہتے ہیں۔ اور (الخَبَائِث): مادہ شیطان کو کہتے ہیں۔
❀ امام احمد رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
میں جب بھی بِسْمِ اللَّهِ کہے بغیر بیت الخلاء میں داخل ہوا تو مجھے ناپسندیدہ چیز کا سامنا کرنا پڑا۔
[ المغني: 228/1]

وضو سے قبل:

❀ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
اس انسان کی نماز نہیں ہوتی جس کا وضو نہ ہو اور اس کا وضو نہیں ہوتا جو وضو کرتے ہوئے شروع میں بِسْمِ اللَّهِ نہیں کہتا۔
[أحمد وأبو داؤد، صحيح الجامع: 7514]

گھر سے نکلتے وقت:

❀ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
جب انسان گھر سے نکلتا ہے اور وہ یہ کلمات کہتا ہے:
بِسْمِ اللَّهِ تَوَكَّلْتُ عَلَى اللَّهِ لَا حَوْلَ وَلَا قُوَّةَ إِلَّا بِاللَّهِ
اللہ کے نام سے، میں نے اللہ پر بھروسہ کیا، اللہ کی توفیق سے ہی گناہ سے بچنے کی ہمت اور نیکی کرنے کی طاقت ممکن ہے۔
تو اس سے کہا جاتا ہے: تجھے ہدایت دی گئی، تو کفایت کر دیا گیا، اور تو بچا لیا گیا، اور شیطان اس سے دور ہو جاتا ہے۔ ایک دوسرا شیطان اس پہلے شیطان سے کہتا ہے: تمہارا بس اس انسان پر کیسے چل سکتا ہے جسے ہدایت دی گئی ہو، وہ کفایت کر لیا گیا ہو، اور اسے تیرے شر سے بچا لیا گیا ہو۔
[صحيح أبي داؤد: 5094، صحيح سنن ابن ماجه: 3884]
❀حضرت ام سلمہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں کہ:
جب بھی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم گھر سے نکلتے تو آسمان کی طرف نگاہ اٹھاتے۔
علامہ البانی رحمہ اللہ نے آسمان کی طرف نگاہ اٹھانے کے الفاظ کو شاذ قرار دیا ہے۔ [الصحيحة :3193]
اور یہ دعا پڑھتے:
اللَّهُمَّ إِنِّي أَعُوذُ بِكَ أَنْ أَضِلَّ أَوْ أُضَلَّ أَوْ أَزِلَّ أَوْ أُزَلَّ أَوْ أَظْلِمَ أَوْ أُظْلَمَ أَوْ أَجْهَلَ أَوْ يُجْهَلَ عَلَيَّ
اے اللہ! میں آپ کی پناہ مانگتا ہوں اس بات سے کہ میں گمراہ ہو جاؤں یا مجھے گمراہ کر دیا جائے، میں پھسل جاؤں یا مجھے پھسلا دیا جائے، میں ظلم کروں یا مجھ پر ظلم کیا جائے، میں کسی سے جہالت سے پیش آؤں یا میرے ساتھ جہالت سے پیش آیا جائے۔
[صحيح أبي داؤد: 5095، الترمذي وقد صححه الألباني رحمہ اللہ في صحيح سنن الترمذي: 3426، الصحيحة: 3193]

با جماعت نماز کی حفاظت:

❀ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان ہے کہ:
کوئی بھی تین افراد ایسے نہیں ہیں جو کسی گاؤں یا بستی میں رہتے ہوں، اور ان میں باجماعت نماز قائم نہ کی جاتی ہو تو شیطان ان پر غالب آجاتا ہے۔ پس تم پر جماعت قائم کرنا واجب ہے۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ بھیڑیا گلے سے بھٹکی ہوئی بکری کو شکار بناتا ہے۔
[صحيح أبي داؤد: 547]
❀ اللہ سبحانہ وتعالیٰ فرماتے ہیں:
اسْتَحْوَذَ عَلَيْهِمُ الشَّيْطَانُ فَأَنْسَاهُمْ ذِكْرَ اللَّهِ
[المجادلة: 19]
شیطان ان پر غالب آگیا، سو اس نے انہیں اللہ تعالیٰ کی یاد بھلا دی۔

اہم: ویب سائٹ یا موبائل ایپ پر کوئی خرابی نظر آئے تو براہِ کرم فوری طور پر واٹس اپ پر اطلاع دیں یا ای میل کریں۔