سوال:
اگر صحابی کسی فعل کو سنت کہے، تو اس سے کیا مراد ہے؟
جواب:
اگر صحابی کسی فعل کو سنت کہے، تو اس سے مراد نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی مرفوع حدیث ہے۔ اس پر اہل علم کا اجماع ہے۔
❀ امام حاکم رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
قد أجمعوا على أن قول الصحابي: سنة، حديث مسند
اہل علم کا اجماع ہے کہ صحابی سنت کہے، تو مراد مرفوع حدیث ہوتی ہے۔
(المستدرك: 358/1، معرفة علوم الحديث، ص 23)
❀ حافظ بیہقی رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
إني لا أعلم خلافا بين أهل النقل أن الصحابي إذا قال: من السنة كذا وكذا أنه يريد به سنة رسول الله صلى الله عليه وسلم، ويكون ذلك مسندا
میرے علم کے مطابق محدثین کے مابین اس میں کوئی اختلاف نہیں کہ جب صحابی من السنة كذا وكذا کہے، تو مراد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت ہوتی ہے، نیز یہ مرفوع حدیث ہوگی۔
(الخلافيات: 110/2، 441/2، 238/4)
❀ حافظ ابن عبد البر رحمہ اللہ (463ھ) فرماتے ہیں:
لا يختلفون فى ذلك
اہل علم کا اس میں اختلاف نہیں (کہ صحابی کا سنت کہنے سے مرفوع حدیث مراد ہوتی ہے)۔
(التقصي: 161/1)