سوال:
مجالد بن سعید کی شعبی سے روایت کیسی ہے؟
جواب:
مجالد بن سعید ضعیف ہے، شعبی سے بھی اس کی روایت ضعیف ہے۔ بعض کہتے ہیں کہ مجالد کی شعبی سے روایت حسن ہے، اس پر وہ امام ابن عدی رحمہ اللہ کا قول پیش کرتے ہیں۔
❀ امام ابن عدی رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
مجالد له عن الشعبي عن جابر أحاديث صالحة وعن غير جابر من الصحابة أحاديث صالحة وجملة ما يرويه عن الشعبي وقد رواه عن غير الشعبي ولكن أكثر روايته عنه وعامة ما يرويه غير محفوظ
مجالد کی شعبی عن جابر بن عبد اللہ رضی اللہ عنہ کے واسطہ سے محفوظ احادیث ہیں، نیز جابر بن عبد اللہ رضی اللہ عنہ کے علاوہ دیگر صحابہ سے بھی محفوظ احادیث ہیں، مجالد کی اکثر روایات شعبی سے ہیں، اس کی شعبی کے علاوہ بھی مرویات ہیں، البتہ اکثر شعبی سے ہی ہیں، الحاصل مجالد کی اکثر روایات غیر محفوظ ہیں۔
(الكامل في ضعفاء الرجال: 169/8)
”صالح“ کا لفظ ”غیر محفوظ“ کے مقابلہ میں بولا گیا ہے۔ مطلب کہ مجالد بن سعید کی اکثر روایات غیر محفوظ اور منکر ہیں، مگر اس کی شعبی سے بعض روایات ایسی ہیں، جن میں نکارت نہیں پائی جاتی، نکارت نہ پائے جانے کا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ وہ صحیح بھی ہوں۔
❀ امام احمد بن حنبل رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
مجالد حديثه عن أصحابه كأنه حلم
مجالد کی اپنے اصحاب سے بیان کردہ حدیث ایسی ہے، جیسے (بے حقیقت) خواب۔
(كتاب المجروحين لابن حبان: 11/3، وسنده صحيح)
نیز فرماتے ہیں:
حديث مجالد عن الشعبي، كأنه حلم
مجالد کی شعبی سے بیان کردہ روایت گویا (جھوٹا) خواب ہے۔
(مسائل الإمام أحمد وإسحاق بن راهويه: 750)