نماز کے آغاز میں پڑھنے والی مسنون دعائیں

سینے پر ہاتھ باندھنے کے بعد کی دعائیں

نماز کے آغاز میں، تکبیر تحریمہ کے بعد اور قراءت سے پہلے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم چند مخصوص دعائیں پڑھا کرتے تھے۔ یہ دعائیں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے ثابت ہیں اور صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین نے انہیں روایت کیا ہے۔ ان دعاؤں کا مقصد اللہ تعالیٰ سے گناہوں کی معافی، پاکیزگی اور اس کی حمد و ثنا ہے۔

➊ گناہوں سے پاکی کی دعا

راوی: سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ
حدیث:

سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم تکبیرِ اُولیٰ اور قراءت کے درمیان کچھ دیر خاموش رہتے تھے۔
میں نے عرض کیا: میرے ماں باپ آپ پر قربان ہوں، یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم! آپ اس خاموشی کے دوران کیا پڑھتے ہیں؟

آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:

اَللّٰہُمَّ بَاعِدْ بَیْنِیْ وَبَیْنَ خَطَایَایَ كَمَا بَاعَدْتَّ بَیْنَ الْمَشْرِقِ وَالْمَغْرِبِ، اَللّٰہُمَّ نَقِّنِیْ مِنَ الْخَطَایَا كَمَا یُنَقَّی الثَّوْبُ الْاَبْیَضُ مِنَ الدَّنَسِ، اَللّٰہُمَّ اغْسِلْ خَطَایَایَ بِالْمَاءِ وَالثَّلْجِ وَالْبَرَدِ

ترجمہ:
’’اے اللہ! میرے اور میرے گناہوں کے درمیان اتنی دوری ڈال دے جتنی دوری تو نے مشرق و مغرب کے درمیان رکھی ہے۔ اے اللہ! مجھے گناہوں سے ایسے پاک کر جیسے سفید کپڑے کو میل سے پاک کیا جاتا ہے۔ اے اللہ! میرے گناہوں کو پانی، برف اور اولوں سے دھو دے۔‘‘

حوالہ: (بخاری، الاذان باب ما یقول بعد التکبیر، ۴۴۷۔ مسلم: ۸۹۵)

➋ جامع تسبیح و تہلیل کی دعا

راوی: سیدنا ابن عمر رضی اللہ عنہما
حدیث:

نماز کے دوران ایک شخص نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پیچھے یہ الفاظ کہے:

ﷲُ اَکْبَرُ کَبِیْرًا وَّالْحَمْدُ لِلّٰہِ کَثِیْرًا وَّسُبْحَانَ ﷲِ بُکْرَۃً وَّاَصِیْلًا

ترجمہ:
’’اللہ سب سے بڑا ہے، بہت بڑا۔ تمام تعریفیں اللہ ہی کے لیے ہیں۔ وہ پاک ہے، صبح و شام ہم اس کی پاکی بیان کرتے ہیں۔‘‘

یہ سن کر نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
’’اس کے لیے آسمان کے دروازے کھول دیے گئے ہیں۔‘‘

سیدنا ابن عمر رضی اللہ عنہما فرماتے ہیں:
’’جب سے میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے یہ بات سنی ہے، میں نے یہ کلمات کبھی ترک نہیں کیے۔‘‘

حوالہ: (مسلم، المساجد، باب ما یقال بین تکبیرۃ الاحرام والقراء ۃ، ۱۰۶)

➌ نماز کی ابتداء کی دعا

راوی: ام المومنین عائشہ رضی اللہ عنہا
حدیث:

حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا بیان کرتی ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم جب نماز شروع کرتے تو یہ دعا پڑھتے:

سُبْحَانَکَ اللّٰہُمَّ وَبِحَمْدِکَ وَتَبَارَکَ اسْمُکَ وَتَعَالٰی جَدُّکَ وَلَا اِلٰہَ غَیْرُکَ

ترجمہ:
’’اے اللہ! تو پاک ہے، ہم تیری حمد کے ساتھ تیری پاکی بیان کرتے ہیں۔ تیرا نام بہت بابرکت ہے، تیری بزرگی بلند ہے، تیرے سوا کوئی معبود نہیں۔‘‘

حوالہ:
(ترمذی، الصلاۃ، باب ما یقول عند افتتاح الصلاۃ، ۳۴۲۔ ابو داؤد: ۶۷۷، ابن ماجہ، اقامۃ الصلاۃ، باب الافتتاح الصلوۃ: ۶۰۸۔ اسے حاکم ۱/۵۳۲ اور حافظ ذہبی نے صحیح کہا ہے۔)

یہ پوسٹ اپنے دوست احباب کیساتھ شئیر کریں

فیس بک
وٹس اپ
ٹویٹر ایکس
ای میل

موضوع سے متعلق دیگر تحریریں:

تبصرہ کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

1