نماز جنازہ میں میت پر نام لے دعا مانگنا
سوال : کیا نماز جنازہ میں میت پر نام لے کر دعا مانگنا جائز ہے؟
جواب : سیدنا واثلہ بن اسقعہ رضی اللہ عنہ کی روایت میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے مندرجہ ذیل الفاظ ثابت ہیں :
«اللهم ان فلان بن فلان فى ذمتك فقه عذاب القبر» [ابوداؤد، كتاب الجنائز : باب الدعا للميت 3202]
”اے اللہ ! بے شک فلان بن فلان تیری پناہ میں ہے، تو اسے عذابِ قبر سے بچا۔“
یہ اس بات کی دلیل ہے کے نمازِ جنازہ میں یہ دعا میت کا نام لے کر پڑھنی چاہیے کیونکہ فلان بن فلان سے مراد ہی خاص شخص ہوتا ہے۔ صرف لفظ فلاں بن فلاں دہرا دینے کا کوئی فائدہ نہیں۔
اس حدیث کے متعلق شیخ شمس الحق عظیم آبادی عون المعبود میں فرماتے ہیں :
« فيه دليل على استحباب تسمية الميت باسمه واسم ابيه وهٰذا ان كان معروفا والا جعل مكان ذٰلك اللهم ان عبدك او نحوه »
”اس حدیث میں اس بات کی دلیل موجود ہے کہ میت پر اس کا اور اس کے باپ کا نام لینا جائز ہے یہ اس وقت ہوگا جب اس کا نام معلوم ہوگا لیکن اگر اس کا نام معلوم نہیں تو پھر «اَللّٰهُمَّ اِنَّ عَبْدَكَ» کہا جائے گا یا اس کی مثل کوئی اور الفاظ۔“