مقتدی کے لیے سورۂ فاتحہ کی قرأت
تحریر: الشیخ مبشر احمد ربانی حفظ اللہ

سوال : کیا مقتدی امام کے پیچھے سورہ فاتحہ پڑھے گا یا صرف اپنی تنہا نماز میں ؟ قرآن و سنت سے رہنمائی فرمائیں۔
جواب : صحیح احادیث کی رو سے امام، مقتدی اور منفرد سب کے لیے ہر نماز میں سورۂ فاتحہ پڑھنا لازمی ہے کیونکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی حدیث ہے :
عَنْ عُبَادَةَ بْنِ الصَّامِتِ اَنَّ رَسُوْلَ اللهِ صَلَّي اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ لَا صَلٰوةَ لِمَنْ لَّمْ يَقْرَأُ بِفَاتِحَةِ الْكِتَابِ [بخاري، كتاب الأذان : باب وجوب القراءة للامام والمأموم فى الصلوات كلها 756، أبوداؤد 822، نسائي 137/2، ترمذي 247، ابن ماجه 837 ]
” سیدنا عبادہ بن صامت رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ”جس نے سورۂ فاتحہ نہ پڑھی اس کی نماز نہیں ہے۔“
اس حدیث سے معلوم ہوا کہ جو بھی نمازی امام ہو یا مقتدی، منفرد ہو یا جماعت پڑھنے والا اگر سورۂ فاتحہ نہ پڑھے تو اس کی نماز نہیں ہوتی۔
اس حدیث کی شرح میں علامہ قسطلانی رحمہ اللہ فرماتے ہیں :
اَيْ فِيْ رَكْعَةٍ مُّنْفَرِدًا اَوْ اِمَامًا اَوْ مَأْمُوْمًا سَوَاءً اَسَرَّ الْاِمَامُ اَوْ جَهَرَ [قسطلاني، شرح بخاري : 439/2 ]
”اس حدیث کا مقصد یہ ہے کہ ہر رکعت میں ہر نمازی خواہ امام ہو، منفرد ہو یا مقتدی، امام آہستہ پڑھے یا بلند آواز سے، فاتحہ پڑھنا ہر صورت ضروری ہے۔ “
اسی طرح علامہ کرمانی شرح بخاری میں فرماتے ہیں :
وَفِي الْحَدِيْثِ دَلِيْلٌ عَلٰي اَنَّ قِرَاءَةَ الْفَاتِحَةِ وَاجِبَةٌ عَلَي الْاِمَامِ وَالْمَأْمُوْمِ فِي الصَّلَاةِ كُلِّهَا
”اس حدیث میں دلیل ہے کہ سورۂ فاتحہ امام اور مقتدی پر ہر نماز میں واجب ہے۔“
اسی طرح ایک اور حدیث میں آتا ہے کہ سیدنا عبادہ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں : ”صبح کے وقت ہم آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے پیچھے نماز پڑھ رہے تھے اور آپ قرأت کر رہے تھے۔ آپ پر قرأت بھاری ہو گئی۔ نماز سے فارغ ہوکر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ”شاید تم امام کے پیچھے پڑھتے ہو ؟“ ہم نے عرض کیا : ”جلدی جلدی پڑھتے ہیں“۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ”صرف سورۂ فاتحہ پڑھا کرو، کیونکہ اس کے بغیر نماز نہیں ہوتی“۔ [أبوداؤد، كتاب الصلاة : باب من ترك القراءة فى صلاته بفاتحة الكتاب 823، دارقطني 318/1، حاكم 238/1، بيهقي 164/1، أحمد 316/5، ابن خزيمة 304/3 ]
ان احادیث سے معلوم ہوا کہ ہر نمازی پر نماز میں سورۂ فاتحہ پڑھنا لازم ہے۔

یہ پوسٹ اپنے دوست احباب کیساتھ شئیر کریں

فیس بک
وٹس اپ
ٹویٹر ایکس
ای میل

موضوع سے متعلق دیگر تحریریں: