سب سے افضل قربانی اونٹ کی ہے پھر گائے کی اور پھر بکری کی
اونٹ کی قربانی مندرجہ ذیل وجوہ کی بنا پر افضل ہے۔
➊ اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید میں خصوصا اونٹ کا تذکرہ فرمایا ہے:
وَالْبُدْنَ جَعَلْنَاهَا لَكُم مِّن شَعَائِرِ اللَّهِ لَكُمْ فِيهَا خَيْرٌ ۖ [الحج: 36]
”قربانی کے اونٹ ہم نے تمہارے لیے اللہ تعالیٰ کی نشانیاں مقرر کر دی ہیں۔ ان میں تمہارے لیے بھلائی و نفع ہے۔“
➋ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے خود بھی اونٹ نحر فرمائے ۔
➌ اس میں فقراء و مساکین کا فائدہ زیادہ ہے۔
◈ یہ قربانی حجِ مفرد اور عمرہ مفردہ کرنے والے کے لیے مستحب ہے جبکہ حجِ قران یا حج تمتع کرنے والے اور ایسے شخص پر واجب ہے جس پر حالت احرام میں کسی گناہ کے بدلے کے طور پر قربانی لازم ہو جائے۔ نیز ان قربانی کے جانوروں میں بھی وہ تمام شرائط و قیود ملحوظ رکھی جائیں گی جو عیدِ قربان کے جانوروں کو خریدنے یا ذبح کرنے میں ملحوظ رکھی جاتی ہیں۔
گائے کی قربانی بکری سے اس لیے افضل ہے کیونکہ اس میں فقراء و مساکین کا نفع زیادہ ہے اور یہ اس وقت ہے جب اکیلا شخص گائے کی قربانی کر رہا ہو ۔ لیکن اگر زیادہ لوگ ایک گائے یا اونٹ کی قربانی میں شریک ہوں تو پھر اکیلے آدمی کے لیے ساتواں حصہ افضل ہے یا ایک بکری اس میں اختلاف ہے۔ ظاہر یہی معلوم ہوتا ہے کہ وہی افضل و برتر ہے جس میں فقراء کا فائدہ زیادہ ہو۔