وعنه رضى الله عنه قال: قال رسول الله صلى الله عليه وآله وسلم: إذا طبخت مرقة فاكثر ماءها وتعاهد جيرانك اخرجهما مسلم.
سیدنا ابوذر رضی اللہ عنہ سے مروى ہے كہ رسول الله صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمايا ” جب تم شوربا پکاؤ تو اس میں پانی زیادہ ڈال لیا کرو اور اپنے ہمسایہ کا بھی خیال رکھا کرو۔“ ان دونوں احادیث کو مسلم نے روایت کیا ہے۔
تخریج : [مسلم البر والصلة 143 ]
فوائد :
➊ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ جبریل علیہ السلام مجھے ہمیشہ ہمسائے کے متعلق وصیت کرتے رہے یہاں تک کہ میں نے گمان کیا کہ اسے وارث بنا دیں گے۔ “ [متفق عليه ]
➋ اس حدیث میں اس بات کی طرف توجہ دلائی کہ اپنی لذت کا ہی خیال نہ رکھو بلکہ اپنے ہمسائے کا بھی خیال رکھو اگر گوشت یا سبزی کم ہے اور تم اپنے ہمسائے کو اس میں سے نہیں دے سکتے تو شوربا زیادہ کر لو تاکہ ہمسائے کو بھی دے سکو۔ یہ مروت کے خلاف ہے کہ تم بھنا ہوا گوشت کھاؤ اور ہمسایہ سالن کے بغیر کھائے۔
ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :
ليس المومن بالذي يشبع وجاره جائع الي جنبه [البيهمي فى شعب الايمان وحسنه الالباني فى حاشية المشكوة 4991]
”مومن وہ نہیں ہوتا جو پیٹ بھر کر کھائے اور اس کے پہلو میں اس کا ہمسایہ بھوکا ہو۔ “
➌ ہمسائے کو تحفہ دیتے وقت یہ خیال نہیں کرنا چاہیے کہ میں پتلا شوربا یا معمولی چیز بطور تحفہ کیوں دوں۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : کوئی ہمسائی اپنی پڑوسن کے لئے کسی چیز کو حقیر نہ جانے خواہ وہ بکری کی کھری کیوں نہ ہو۔ “ [بخاري، هبة /1 ]