دنیا میں مسافر بن کر جیو، آخرت کی تیاری کرو
ماخوذ: شرح کتاب الجامع من بلوغ المرام از ابن حجر العسقلانی، ترجمہ: حافظ عبد السلام بن محمد بھٹوی

وعن ابن عمر رضي الله عنهما قال: اخذ رسول الله صلى الله عليه وآله وسلم بمنكبي فقال: ‏‏‏‏كن فى الدنيا كانك غريب او عابر سبيل ‏‏‏‏ وكان ابن عمر يقول: إذا امسيت فلا تنتظر الصباح وإذا اصبحت فلا تنتظر المساء وخذ من صحتك لسقمك ومن حياتك لموتك. اخرجه البخاري.
” ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے میرے کندھے کو پکڑ کر فرمایا : دنیا میں اس طرح رہ کہ تو پردیسی ہے یا راہ گزرنے والا ہے اور ابن عمر رضی اللہ عنہما فرمایا کرتے تھے : جب تم شام کرے تو صبح کا انتظار مت کر اور جب صبح کرے تو شام کا انتظار مت کر اور اپنی تندرستی سے اپنی بیماری کے لیے اور اپنی زندگی سے اپنی موت کے لئے (کچھ نہ کچھ) حاصل کر لے۔ “
تخریج : [بخاري 6416] وغیرہ دیکھئے [تحفته الاشراف 481/5، 28/6]

فوائد :
➊ دنیا میں اس طرح رہ جس طرح کہ تو ایک پردیسی ہے یا راہ گزرنے والا۔
دونوں کا فرق یہ ہے کہ بعض اوقات مسافر چل رہا ہوتا ہے اور بعض اوقات کچھ دیر کے لیے کہیں عارضی اقامت بھی اختیار کر لیتا ہے پہلی صورت میں وہ عابر سبیل ہے دوسری صورت میں غریب۔
➋ پردیسی آدمی اگر کہیں کچھ دیر کے لیے ٹھہر بھی جائے تو وہ دل نہیں لگاتا کیونکہ اس کی منزل آگے ہوتی ہے زیادہ سامان اور جائیداد نہیں بناتا کیونکہ اس نے وہاں رہنا نہیں ہوتا اور اسے یہ پرواہ نہیں ہوتی کہ اس کا لباس اور وضع قطع اس شہر کے لوگوں جیسی ہے یا نہیں کیونکہ اس نے وہاں سے چلے جانا ہوتا ہے اس کا لوگوں سے زیادہ میل جول نہیں ہوتا کیونکہ وہ اس کے ہم وطن نہیں ہوتے اور جو مسافر ابھی راہ طے کر رہا ہو وہ اتنا سامان بھی نہیں اٹھاتا جو کسی پردیسی کے عارضی اقامت کے دوران جمع ہو جاتا ہے صرف اتنا سامان ساتھ لیتا ہے جس کے بغیر چارہ نہیں۔ حدیث میں رہنمائی کی گئی کہ پردیسی کی طرح دنیا میں رہ یا راہ گیر کی طرح دونوں طرح اجازت ہے مگر اسے وطن نہ بنا لو۔ یا اَوْ بمعنی بَلْ ہے یعنی دنیا میں پردیسی کی طرح رہو بلکہ (بہتر ہے کہ) راہ گیر کی طرح رہو مطلب یہ ہے کہ دنیا میں زہد اختیار کرو اور صرف اتنے سامان پر گزارا کرو جس کے بغیر چارہ نہیں۔
➌ ” جب تو شام کرے تو صبح کا انتظار نہ کر “ یہ عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما کا قول ہے یعنی لمبی امیدیں نہ باندھ بلکہ اپنی موت کو بالکل قریب سمجھ۔ جب موت انسان کی پیش نظر ہو تو وہ ہر وقت ایسی حالت میں رہتا ہے کہ موت آ جائے تو اسے ندامت نہ ہو۔ ہر وقت اللہ سے ڈرتا ہے اور مستعد رہتا ہے :
يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا اتَّقُوا اللَّـهَ حَقَّ تُقَاتِهِ وَلَا تَمُوتُنَّ إِلَّا وَأَنتُم مُّسْلِمُونَ [3-آل عمران:102 ]
” اے وہ لوگو جو ایمان لائے ہو اللہ سے ڈرو جس طرح اس سے ڈرنے کا حق ہے اور تمہاری موت ہرگز نہ آئے مگر اس حال میں کہ تم مسلم ہو۔ “
➍ ابن عمر رضی اللہ عنہما نے اس بات کی طرف توجہ دلائی کہ صحت اور زندگی ہمیشہ باقی رہنے والی چیزیں نہیں بیماری اور موت بھی انسان کی گھات میں ہیں اس لئے اسے چاہئیے کہ صحت کی حالت میں بیماری کے لیے اعمال ذخیرہ کر لے اور زندگی میں موت کے لئے سامان مہیا کر لے۔

یہ پوسٹ اپنے دوست احباب کیساتھ شئیر کریں

فیس بک
وٹس اپ
ٹویٹر ایکس
ای میل

موضوع سے متعلق دیگر تحریریں:

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے