وعن معقل بن يسار رضى الله عنه قال: سمعت رسول الله صلى الله عليه وآله وسلم يقول: ما من عبد يسترعيه الله رعية يموت يوم يموت وهو غاش لرعيته إلا حرم الله عليه الجنة [متفق عليه]
معقل بن یسار رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ”کوئی بھی بندہ جسے اللہ تعالیٰ کسی رعیت کا حاکم بنا دے اسے جس دن موت آئے وہ اس حال میں مرے کہ اپنی رعیت کو دھوکا دینے والا ہو تو اللہ اس پر جنت کو حرام کر دیتا ہے۔“ [متفق عليه ]
تخریج : [بخاري 7150] ، [مسلم، الايمان142] و غیرهما دیکھئے تحفۃ الاشراف [ 464/8،461/8]
فوائد :
➊ بخاری رحمہ الله نے حسن رضی اللہ عنہ سے یہ روایت بیان کی ہے اس میں ایک قصہ ہے کہ عبید الله بن زیاد معقل بن یسار رضی اللہ عنہ کی بیمار پرسی کرنے کے لئے آئے، یہ اس بیماری کا واقعہ ہے جس میں معقل رضی اللہ عنہ فوت ہوئے۔ عبید اللہ معاویہ رضی اللہ عنہ اور ان کے بیٹے یزید کے زمانے میں بصرے کے عامل تھے تو اس موقعہ پر معقل رضی اللہ عنہ نے انہیں یہ حدیث سنائی۔
بلوغ المرام میں مذکور الفاظ مسلم کی ایک روایت کے ہیں۔ مسلم کی دوسری روایت ہے یہ ہے کہ فرمایا :
ما من امير يلي امر المسلمين ثم لا يجهد لهم وينصح إلا لم يدخل معهم الجنة [ مسلم / الايمان 366]
”جو کوئی امیر مسلمانوں کی حکو مت کا والی بنے، ان کے ساتھ نہ پوری کوشش کرے، نہ ان کی خیر خواہی کرے تو وہ ان کے ساتھ جنت میں داخل نہیں ہو گا۔“
➋ اس حدیث میں ان حکمرانوں کے لئے سخت وعید آئی ہے جو اپنی رعایا کی بہتری کے لئے پوری کوشش نہیں کرتے، نہ ان کی خیر خواہی کرتے ہیں بلکہ انہیں دھوکا دیتے ہیں اور توبہ کئے بغیر اسی حالت میں دنیا سے چلے جاتے ہیں کہ ان کے لئے جنت حرام ہے۔ کیونکہ اتنے بندوں کے حق وہ قیامت کے دن کہاں سے ادا کریں گے ؟ اللہ تعالیٰ بھی اپنی طرف ہے بندوں کو راضی نہیں کرے گا کہ ان کے حقوق اپنے پاس سے ادا کرے اور ان کو دھوکا دینے والے اور ظالم حکمرانوں کو جنت میں بھیج دے بلکہ انہیں ضرور ہی ان حقوق کے بدلے جہنم میں پھینکے گا۔
جنت حرام ہونے کا مطلب اس حدیث میں یہ ہے کہ جہنم میں جانے کے بغیر شروع میں ہی جنت میں داخل ہو جانا ان پر حرام ہے۔ یہ مطلب اس لئے کیا گیا ہے کہ ہمیشہ کے لئے جنت صرف کفار کے لئے حرام ہے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا :
إِنَّهُ مَن يُشْرِكْ بِاللَّـهِ فَقَدْ حَرَّمَ اللَّـهُ عَلَيْهِ الْجَنَّةَ وَمَأْوَاهُ النَّارُ [5-المائدة:72]
”یقیناً جو شخص اللہ کے ساتھ شرک کرے اللہ نے اس پر جنت حرام کر دی ہے اور اس کا ٹھکانا آگ ہے۔ “
اور جنت کے پانی اور رزق کے متعلق فرمایا :
إِنَّ اللَّـهَ حَرَّمَهُمَا عَلَى الْكَافِرِينَ [7-الأعراف:50 ]
”اللہ نے یہ دونوں چیزیں کافروں پر حرام کر دی ہیں۔“
اس لئے کسی مسلمان کے متعلق اگر یہ الفاظ آئیں کہ اس پر جنت حرام ہے تو اس سے مراد یہی ہو گا کہ جنت میں شروع میں داخلہ اس پر حرام ہے۔
زیر بحث حدیث میں مسلم کی دوسری روایت اس مطلب کی تائید کرتی ہے کہ آپ نے فرمایا : لم يدخل معهم الجنة ”اپنی رعیت کی خیر خواہی نہ کرنے والا ان کے ساتھ جنت میں نہیں جائے گا۔ “ البتہ اپنے گناہوں اور زیادتیوں کی سزا پانے کے بعد کسی وقت جنت میں چلا جائے تو الگ بات ہے۔
➌ رعایا کی خیرخواہی یہ ہے کہ ان کے لئے وہی پسند کرے جو اپنے لئے کرتا ہے ان کی جان، مال، عزت و آبرو کی حفاظت کرے۔ ان کی عقل برباد کرنے کی ہر کوشش کو ناکام کرے اس مقصد کے لئے قتل، ڈاکے، چوری، زنا، بہتان، شراب نوشی پر اللہ کی بتائی ہوئی حدیں نافذ کرے، بے حیائی کو پھیلنے سے روکے، مظلوم کی فریاد سنے۔ رعایا سے علیحدگی اور فاصلہ اختیار نہ کرے۔ فیصلہ کرتے وقت اپنی خواہش کی بجائے حق کے مطابق فیصلہ کرے اسلام اور مسلمانوں کی حفاظت کے لئے جہاد جاری رکھے۔ ان کی تربیت کے لئے قرآن و سنت کی تعلیم کا اہتمام کرے اور ان کے تمام معاملات پر صرف ان لوگوں کو ذمہ دار مقرر کرے جو اس کی پوری محنت کوشش اور جستجو کے بعد اسے دوسرے تمام لوگوں سے زیادہ اس کام کے اہل معلوم ہوئے ہیں۔ اموال اور دوسرے فوائد کی تقسیم میں عدل کرے ایسا حکمران اللہ کے ہاں بہت ہی بلند درجے والا ہے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ سات آدمیوں کو اللہ تعالیٰ قیامت کے دن اپنے سائے میں جگہ دے گا جس دن اس کے سائے کے علاوہ کوئی سایہ نہیں ہو گا۔ ان میں سب سے پہلا شخص جو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے شمار فرمایا امام عادل ہے۔ [بخاري۔ الاذان / 36]
عبد اللہ بن عمرو رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :
إن المقسطين عند الله على منابر من نور عن يمين الرحمن عز وجل وكلتا يديه يمين الذين يعدلون في حكمهم واهليهم وما ولوا [مسلم / الامارة : 4721 ]
” انصاف کرنے والے اللہ کے ہاں رحمان عزوجل کے دائیں ہاتھ نور کے منبروں پر ہوں گے اور اس کے دونوں ہاتھ دائیں ہیں یہ وہ لوگ ہیں جو فیصلے میں عدل کرتے ہیں اور اپنے گھر والوں میں اور جس کے بھی ذمہ دار ہیں عدل کرتے ہیں۔ “
➍ خیر خواہی کے مقابلے میں دھوکا ہے اور وہ یہ ہے کہ ہر کام میں اپنی خواہش نفس کو مقدم رکھے۔ رعایا کی جان مال اور آبرو برباد کرے، حدود اور جہاد کو باطل کرے، مسلمانوں کے مال میں اپنی مرضی سے ناحق تصرف کرے، ان پر ظلم کا مداوا نہ کرے، ناجائز ٹیکس لگا کر ان کی زندگی تلخ کر دے۔ مفسدوں کو رعایا پر ظلم کی کھلی چھٹی دے دے، حکو مت کی ذمہ داریوں پر اہل لوگوں کی بجائے اپنی خوشامد کرنے والے جا و بیجا حمایت کرنے والے نااہل اور مفس لوگوں کو مقرر کرے، مسلمانوں کے دشمنوں سے ساز باز کر کے اسلام اور مسلمانوں کو نقصان پہنچائے ایسے حکمرانوں کے لئے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے جنت حرام ہونے کی وعید سنائی ہے۔