مشت و انگشت زني كا حكم
یہ تحری علمائے حرمین کے فتووں پر مشتمل کتاب 500 سوال و جواب برائے خواتین سے ماخوذ ہے جس کا ترجمہ حافظ عبداللہ سلیم نے کیا ہے۔

سوال:

مشت و انگشت زنی کا کیا حکم ہے؟

جواب:

ہمیں اس عادت (بد) کے حرام ہونے میں شک نہیں ہے کیونکہ اس کی حرمت کے دو سب ہیں:
1۔ پہلا سبب: اللہ تعالیٰ کا مومنوں کے اوصاف جمیلہ بیان کرتے ہوئے فرمان ہے۔
«قَدْ أَفْلَحَ الْمُؤْمِنُونَ ‎ ﴿١﴾ ‏ الَّذِينَ هُمْ فِي صَلَاتِهِمْ خَاشِعُونَ ‎ ﴿٢﴾ ‏ وَالَّذِينَ هُمْ عَنِ اللَّغْوِ مُعْرِضُونَ ‎ ﴿٣﴾ ‏ وَالَّذِينَ هُمْ لِلزَّكَاةِ فَاعِلُونَ ‎ ﴿٤﴾ ‏ وَالَّذِينَ هُمْ لِفُرُوجِهِمْ حَافِظُونَ ‎ ﴿٥﴾ ‏ إِلَّا عَلَىٰ أَزْوَاجِهِمْ أَوْ مَا مَلَكَتْ أَيْمَانُهُمْ فَإِنَّهُمْ غَيْرُ مَلُومِينَ ‎ ﴿٦﴾ ‏ فَمَنِ ابْتَغَىٰ وَرَاءَ ذَٰلِكَ فَأُولَٰئِكَ هُمُ الْعَادُونَ» [23-المؤمنون: 1]
”یقیناًً کامیاب ہو گئے مومن۔ وہی جو اپنی نماز میں عاجزی کرنے والے ہیں۔ اور وہی جو لغو کاموں سے منہ موڑنے والے ہیں۔ اور وہی جو زکوۃ ادا کرنے والے ہیں۔ اور وہی جو اپنی شرمگاہوں کی حفاظت کرنے والے ہیں۔ مگر اپنی بیویوں یا ان (عورتوں) پر جن کے مالک ان کے دائیں ہاتھ بنے ہیں تو بلاشبہ وہ ملامت کیے ہوئے نہیں ہیں، پھر جو اس کے سوا تلاش کرے تو وہی لوگ حد سے بڑھنے والے ہیں۔“
امام شافعی رحمہ اللہ نے اس آیت سے مشت و انگشت زنی کی حرمت پر دلیل نکالی ہے، پس اس آیت میں اللہ تعالیٰ نے سچے مومنوں کے لیے اپنی شہوت کو پور ا کرنے کے دو راستے متعین فرمائے ہیں: آزاد عورتوں سے شادی کرنا یا لونڈیوں سے (قضاء شہوت کا) فائدہ اٹھانا، پھر اس کے بعد کہا:
«فَمَنِ ابْتَغَىٰ وَرَاءَ ذَٰلِكَ فَأُولَٰئِكَ هُمُ الْعَادُونَ» [‎23-المؤمنون: 7]
”پھر جو اس کے سوا تلاش کرے تو وہی لوگ حد سے بڑھنے والے ہیں۔“
یعنی جس شخص نے شہوت زانی کے لیے (آزاد عورتوں سے) شادی اور لونڈی (سے قضاء شہوت کرنے) کے علاوہ کوئی اور راستہ تلاش کیا تو وہ حد سے تجاوز کرنے والا ظالم ہے۔
2۔ دوسراسبب: بلاشبہ طبی لحاظ سے یہ بات ثابت ہے کہ ایسا کرنے والے کا انجام بہت برا ہوتا ہے، نیز اس عادت سے صحت بگڑ جاتی ہے، خاص طور پر ان لوگوں کی جو صبح و شام اس کے مرتکب ہوتے ہیں، جبکہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
«لا ضرر ولا ضرار» [حسن۔ مسند أحمد، رقم الحديث 2867]
”نہ نقصان اٹھاؤ اور نہ نقصان پہنچاؤ۔“
لہٰذا مسلمان کے لیے جائز نہیں ہے کہ وہ کسی ایسے کام میں منہمک ہو جس سے خود اس کو یا کسی دوسرے کو نقصان پہنچتا ہو۔
یہاں پر ایک اور چیز کا ذکر کر دینا بھی ضروری ہے، وہ یہ کہ اس عادت کو اختیار کرنے والے لوگوں پر اللہ تعالیٰ کا یہ فرمان بھی صادق آتا ہے۔
«أَتَسْتَبْدِلُونَ الَّذِي هُوَ أَدْنَىٰ بِالَّذِي هُوَ خَيْرٌ» [2-البقرة: 61]
”کیا تم وہ چیز جو کمتر ہے اس چیز کے بدلے مانگ رہے ہو جو بہتر ہے۔“
بلاشبہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا یہ ارشاد بھی ثابت ہے:
«يا معشر الشباب من استطاع منكم الباءة فليتزوج فإنه أغض للبصر وأحصن للفرج، ومن لم يستطع فعليه بالصوم فإنه له وجاء» [صحيح البخاري، رقم الحديث 4779 صحيح مسلم، رقم الحديث 1400]
”اے نوجوانو کی جماعت ! جو شخص تم میں سے گھر بسانے کی طاقت رکھتا ہے وہ شا دی کر لے، پس بلاشبہ شادی نگاہوں کو (ان میں حیاء پیدا کر کے) جھکانے والی اور شرمگاہ کی حفاظت کرنے والی ہے، اور جو شادی کی طاقت نہیں رکھتا وہ روزہ رکھے، کیونکہ روزہ رکھنے سے شہوت ٹھنڈی پڑ جائے گی۔“

(محمد ناصر الدین الالبانی رحمہ اللہ)

یہ پوسٹ اپنے دوست احباب کیساتھ شئیر کریں

فیس بک
وٹس اپ
ٹویٹر ایکس
ای میل