تکبیر اُولیٰ، جمعہ کی فجر اور پہلی صف کی فضیلت
درج ذیل احادیث مبارکہ میں نماز باجماعت، خصوصاً تکبیر اُولیٰ کے ساتھ شامل ہونے، جمعہ کے دن فجر کی نماز اور پہلی صف میں کھڑے ہونے کی اہمیت اور اس پر حاصل ہونے والے فضائل کو بیان کیا گیا ہے:
تکبیر اُولیٰ کے ساتھ نماز باجماعت کی فضیلت
سیدنا انس بن مالک رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:
’’جس شخص نے اللہ کے لیے چالیس دن جماعت کے ساتھ نماز پڑھی، تکبیر اولیٰ کے ساتھ شامل ہوا اس کے لیے دو برائتیں لکھ دی جاتی ہیں: آگ سے برات اور نفاق سے براءت۔‘‘
(ترمذی، الصلاۃ باب فی فضل التکبیر الاولی، 142)
جمعہ کے دن فجر کی نماز باجماعت کی فضیلت
سیدنا عبد اللہ بن عمر رضی اللہ عنہما روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:
’’اللہ کے نزدیک جمعہ کے دن فجر کی نماز با جماعت افضل ہے۔‘‘
(سلسلہ الاحادیث الصحیحہ للالبانی، 6651)
پہلی صف میں کھڑے ہونے کا عظیم ثواب
سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:
’’اگر لوگوں کو نماز کے لیے جلدی آنے کا ثواب معلوم ہو جائے تو وہ ایک دوسرے سے آگے بڑھیں، اگر انہیں عشاء اور صبح کی نماز (باجماعت) کا ثواب معلوم ہو جائے تو وہ گھٹنوں کے بل گھسٹتے ہوئے بھی (مسجد میں) آئیں، اور اگر انہیں پہلی صف کا ثواب معلوم ہو جائے تو وہ اس کے لیے قرعہ ڈالیں (کہ کون پہلی صف میں کھڑا ہو)‘‘
(بخاری: الأذان، باب: الصف الأول: 127، مسلم: 734)
رسول اللہ ﷺ کی طرف سے پہلی صف کے لیے استغفار
سیدنا عرباض بن ساریہ رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں:
’’رسول اللہ ﷺ پہلی صف کے لیے تین مرتبہ استغفار کرتے اور دوسری صف کے لیے ایک مرتبہ۔‘‘
(ابن ماجہ، اقامۃ الصلاۃ، فضل الصف المقدم، 699)
صفوں کی ترتیب کی ہدایت
سیدنا انس رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں:
’’پہلے اول صف کو پورا کرو، پھر اس کو جو پہلی کے نزدیک ہے، اگر کوئی کمی ہو تو آخری صف میں ہونی چاہیے۔‘‘
(ابوداود، الصلاۃ باب تسویۃ الصفوف، 176؛ اسے امام ابن خزیمہ اور امام ابن حبان نے صحیح کہا)
مرد و عورت کی صفوں کے فضائل اور ترتیب
سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں:
’’مردوں کی صفوں میں (ثواب کے لحاظ سے) سب سے بہتر اول صف ہے اور سب سے بری آخری صف ہے۔ اور عورتوں کی صفوں میں سے سب سے بری پہلی صف ہے اور سب سے بہتر آخری صف ہے۔‘‘
(مسلم، الصلاۃ، باب تسویۃ الصفوف، حدیث 440)
امام نووی فرماتے ہیں:
’’یہ تب ہے جب خواتین بھی مردوں کے ساتھ نماز میں حاضر ہوں، کیونکہ اگر مرد آخری صف میں کھڑے ہوں اور ان کے متصل بعد خواتین کھڑی ہوں تو ان کا خیال ایک دوسرے کی طرف جا سکتا ہے۔ لیکن اگر مرد پہلی صفوں میں ہوں اور خواتین آخری صفوں میں ہوں جبکہ درمیان میں بچے ہوں تو پھر ایسا امکان نہیں رہے گا۔‘‘
(ع، ر)
امام کے قریب بیٹھنے کی تلقین
سیدنا سمرہ بن جندب رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں:
"نصیحت کی مجالس میں حاضر ہوا کرو، امام کے قریب بیٹھا کرو۔ کیونکہ جو امام سے دور ہوتا رہتا ہے وہ جنت میں بھی پیچھے رہ جاتا ہے، اگرچہ اس میں داخل ہو جائے۔”
(ابو داؤد، الصلاۃ باب الدنو من الامام عند الموعظۃ: 1108)
رسول اللہ ﷺ کی قربت اختیار کرنے کی ہدایت
سیدنا ابو سعید الخدری رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں:
"میرے قریب آؤ اور پہلی صف کو پورا کرو، پھر دوسری صف والے تمہاری پیروی کریں۔ جب لوگ پہلی صف سے پیچھے ہٹتے رہیں گے تو اللہ انہیں بھی پیچھے کر دے گا۔”
(مسلم، الصلاۃ، تسویۃ الصفوف، 438)