فَلَنَقُصَّنَّ عَلَیۡہِمۡ بِعِلۡمٍ وَّ مَا کُنَّا غَآئِبِیۡنَ ﴿۷﴾
پھر یقینا ہم ان کے سامنے ضرور پورے علم کے ساتھ بیان کریں گے اور ہم کہیں غائب نہ تھے۔
En
پھر اپنے علم سے ان کے حالات بیان کریں گے اور ہم کہیں غائب تو نہیں تھے
En
پھر ہم چونکہ پوری خبر رکھتے ہیں ان کے روبرو بیان کردیں گے۔ اور ہم کچھ بے خبر نہ تھے
En
تفسیر القرآن کریم از عبدالسلام بن محمد
(آیت 7){ فَلَنَقُصَّنَّ عَلَيْهِمْ بِعِلْمٍ:} یعنی ہم سب کچھ سن رہے تھے اور دیکھ رہے تھے اور ان کے عمل کے وقت غائب نہیں تھے۔ دیکھیے سورۂ یونس (۶۱) اور سورۂ مجادلہ (۶، ۷) اگر وہ خاموش رہیں گے یا غلط بات کریں گے تو ہم خود پورے علم کے ساتھ بتا دیں گے، یعنی دلیل بھی ساتھ ہو گی کہ خود ان کے اعضاء گواہی دیں گے۔ [یٰسٓ: ۶۵۔ حٰمٓ السجدۃ: ۱۹ تا ۲۱] زمین گواہی دے گی۔ [الزلزال: ۴] امت محمد صلی اللہ علیہ وسلم گواہی دے گی۔ [البقرۃ: ۱۴۳] اور جہنم کے داروغے کے سامنے وہ خود اپنی زبان سے مان جائیں گے۔ [الزمر: ۷۱۔ الملک: ۱۰] {” بِعِلْمٍ “} تنوین کی وجہ سے ”پورے علم “ ترجمہ کیا ہے۔
تفسیر احسن البیان از حافظ صلاح الدین یوسف
7۔ 1 چونکہ ہر ظاہر اور پوشیدہ بات کا علم رکھتے ہیں اس لئے پھر ہم دونوں (امتیوں اور پیغمبروں) کے سامنے ساری باتیں بیان کریں گے اور جو جو کچھ انہوں نے کیا ہوگا، ان کے سامنے رکھ دیں گے۔
تيسير القرآن از مولانا عبدالرحمن کیلانی
7۔ پھر ہم اپنے علم سے پوری حقیقت ان پر بیان کر دیں گے۔ آخر ہم اس وقت غائب تو نہیں [6] تھے
[6] انصاف کا تقاضا اور شہادت کی اہمیت:
یعنی کسی قوم پر ایسا عذاب آنا اس کے جرائم کی مکمل سزا نہیں ہوتی بلکہ اس کی مثال ایسی ہی ہوتی ہے جیسے کسی عادی مجرم کو گرفتار کر لیا جائے تاکہ آئندہ اس کے ظلم سے لوگ محفوظ رہیں بالفاظ دیگر اس قوم کے مظالم دوسری اقوام کو بھی متاثر نہ کرنے لگیں۔ پھر ایسے مجرموں پر اللہ تعالیٰ کی عدالت میں با قاعدہ مقدمہ پیش ہو گا۔ ایک فریق تو رسول ہوں گے جو ان کی طرف بھیجے گئے تھے اور دوسرا فریق یہ مجرم قوم ہو گی، دونوں کی شہادتیں ہوں گی، رسول کی شہادت یہ ہو گی کہ یا اللہ میں نے اس قوم کو تیرا پیغام پہنچا دیا تھا۔ مگر چونکہ قوم کو سزا کا خوف ہو گا اس لیے اسے رسول کی شہادت کے خلاف شہادت دینے کے سوا کوئی چارہ کار نظر نہ آئے گا پھر اللہ تعالیٰ ان پر پوری حقیقت حال واضح فرمائے گا کیونکہ اللہ تعالیٰ سے تو کسی وقت بھی کوئی چیز پوشیدہ نہیں تھی مگر اللہ تعالیٰ کی اس وضاحت کے باوجود ان پر فرد جرم عائد نہیں کی جائے گی بلکہ ان کے ان اعضاء و جوارح کو اللہ تعالیٰ زبان عطا کریں گے جن سے اس جرم کے دوران کام لیے گئے تھے وہ ان مجرموں کے خلاف شہادت دیں گے پھر جب شہادت کے نصاب کی تکمیل ہو جائے گی تو اس وقت ان پر فرد جرم عائد ہو جائے گی اور انہیں سزا دی جائے گی جیسا کہ قرآن کی بعض دوسری آیات میں یہ وضاحت موجود ہے۔ مندرجہ بالا تصریحات سے ضمناً چند باتیں معلوم ہوتی ہیں ایک یہ کہ دنیا میں بے شمار مجرم ایسے ہیں جو ظلم و ستم کرتے رہتے ہیں مگر کسی قسم کی سزا پائے بغیر وہ اس دنیا سے رخصت ہو جاتے ہیں جبکہ اللہ تعالیٰ کی صفت عدل کا تقاضا یہ ہے کہ ان مجرموں کو سزا ضرور ملنی چاہیے اور علی رؤس الشہادات ملنی چاہیے تاکہ کسی کو اس کے جرم کی سزا نہ زیادہ ملے اور نہ اس پر ظلم ہو اس مقصد کے لیے ضروری ہے کہ انسان کو ایک دوسری زندگی ملے جس میں ایسے تمام تر مقدمات کے فیصلے ہوں۔
فیصلہ کرنے کے لئے شہادت ضروری ہے:
اور دوسری بات یہ مستنبط ہوتی ہے کہ قاضی محض اپنے علم کی بنا پر مقدمے کا فیصلہ نہیں دے سکتا بلکہ فیصلہ اور سزا شہادتوں کی بنا پر ہی دئیے جا سکتے ہیں اور اس کی دلیل یہ واقعہ ہے کہ دور نبوی صلی اللہ علیہ وسلم میں مدینہ میں ایک فاحشہ عورت رہتی تھی لوگوں کی اس کے ہاں آمد و رفت کی وجہ سے اس کی فحاشی کھل کر سامنے آ چکی تھی اور زبان زد عام تھی اس کے متعلق ایک دفعہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ ”اگر شہادتوں کا نصاب اور نظام نہ ہوتا تو میں اس عورت کو رجم کر دیتا۔“ [بخاري۔ كتاب الطلاق۔ باب لوكنت راجما بغيربيّنة]
تفسیر ابن کثیر مع تخریج و تحکیم
اس آیت کی تفسیر اگلی آیات کیساتھ ملاحظہ کریں۔
تفسیر السعدی (تیسیر الکریم الرحمٰن) از شیخ عبدالرحمٰن السعدی
﴿فَ٘لَ٘نَ٘قُ٘صَّنَّ عَلَیْهِمْ ﴾ ”پھر ہم ان کے حالات بیان کریں گے۔“ یعنی ہم تمام مخلوق کو بتائیں گے کہ وہ کیا عمل کرتے رہے تھے ﴿ بِعِلْمٍ ﴾ ”اپنے علم سے“ یعنی اللہ تعالیٰ اپنے علم سے ان کو ان کے اعمال کے بارے میں بتائے گا ﴿ وَّمَا كُنَّا غَآىِٕبِیْنَ ﴾ ”ہم کسی بھی وقت غیر موجود نہ تھے۔“ جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ﴿اَحْصٰىهُ اللّٰهُ وَنَسُوْهُ ﴾ (المجادلۃ: 58؍6) ”اللہ نے ان کے تمام اعمال کو محفوظ رکھا ہے اور وہ بھول گئے ہیں۔“اور فرمایا: ﴿وَلَقَدْ خَلَقْنَا فَوْقَكُمْ سَبْعَ طَرَآىِٕقَ١ۖۗ وَمَا كُنَّا عَنِ الْخَلْ٘قِ غٰفِلِیْ٘نَ﴾ (المومنون: 23؍17) ”ہم نے تمھارے اوپر سات آسمان پیدا کیے اور ہم خلقت سے غافل نہیں ہیں۔“
عربی متن (تفسیر السعدی) دیکھیں
{فَلَنَقُصَّنَّ عليهم}؛ أي: على الخلق كلهم ما عملوا، {بعلم}: منه تعالى لأعمالهم، {وما كُنا غائبينَ}: في وقت من الأوقات؛ كما قال تعالى: {أحصاه الله وَنَسُوه}، وقال تعالى: {ولقد خَلَقْنا فوقَكم سبعَ طرائقَ وما كُنَّا عن الخلق غافلين}.