سوال :
کافر جنات کے متعلق کیا کہتے ہیں؟
جواب :
انسانوں کی طرح جنات بھی مکلف ہیں۔ نبی کر یم صلی اللہ علیہ وسلم کی بعثت جنات کی طرف بھی ہے، لہذا شرع کے مخاطب جن بھی ہیں، ان میں بھی مسلمان اور کافر ہوتے ہیں، ان کے مسلمانوں کے لیے بھی جنت تیار ہے، اسی طرح کافروں کے لیے جہنم تیار ہے۔
❀ شیخ الاسلام ابن تیمیہ رحمہ اللہ (728 ھ) فرماتے ہیں:
كفار الجن يدخلون النار بالنصوص وإجماع المسلمين .
”نصوص (کتاب وسنت ) اور مسلمانوں کے اجماع کے مطابق کافر جنات جہنم میں داخل ہوں گے۔“
(مجموع الفتاوى : 86/13)
❀ فرمان الہی ہے:
﴿وَتَمَّتْ كَلِمَتُ رَبِّكَ لَأَمْلَأَنَّ جَهَنَّمَ مِنَ الْجِنَّةِ وَالنَّاسِ أَجْمَعِينَ﴾
(هود: 119)
”تیرے رب کا یہ کلمہ پورا ہو چکا ہے کہ میں ضرور جہنم کو جنوں اور انسانوں سب سے بھروں گا۔“
❀ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے:
﴿وَلَقَدْ حَقَّ الْقَوْلُ مِنِّي لَأَمْلَأَنَّ جَهَنَّمَ مِنَ الْجِنَّةِ وَالنَّاسِ أَجْمَعِينَ﴾
(السجدة : 13)
”لیکن میری طرف سے یہ بات ثابت ہوگئی ہے کہ میں ضرور جہنم کو جنوں اور انسانوں ،سب سے بھروں گا۔“
❀ فرمان باری تعالی ہے:
﴿قَالَ ادْخُلُوا فِي أُمَمٍ قَدْ خَلَتْ مِنْ قَبْلِكُمْ مِنَ الْجِنِّ وَالْإِنْسِ فِي النَّارِ﴾
(الأعراف : 38)
”اللہ تعالیٰ فرمائے گا : اپنے سے پہلے گزرے ہوئے جنوں اور انسانوں کے ساتھ آگ میں داخل ہو جاؤ۔“
❀ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے:
﴿وَلَقَدْ ذَرَأْنَا لِجَهَنَّمَ كَثِيرًا مِنَ الْجِنِّ وَالْإِنْسِ﴾
(الأعراف : 179)
”یقیناً ہم نے جہنم کے لیے بہت سے جن اور انسان پیدا کر رکھے ہیں۔“
ان کے علاوہ بھی آیات بینات ہیں، جن سے ثابت ہوتا ہے کہ کفار اور فساق جنات بھی جہنم رسید ہوں گے، کیونکہ انسانوں کی طرح وہ بھی مکلف ہیں۔