کیا ہوا خارج ہونے پر استنجا واجب ہوتا ہے؟ مکمل شرعی رہنمائی
ماخوذ: فتاویٰ ارکان اسلام

استنجا کب واجب ہوتا ہے؟ مکمل وضاحت

سوال:

جب انسان کی ہوا خارج ہو تو کیا اس سے استنجا کرنا واجب ہے؟

جواب:

الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!

جب دُبر (پچھلے مقام) سے ہوا خارج ہوتی ہے تو اس سے وضو ٹوٹ جاتا ہے۔ اس بات کی دلیل نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا یہ ارشاد ہے:

لَا یَنْصَرِفْ حَتَّی یَسْمَعَ صَوْتًا أَوْ یَجِدَ رِیْحًا
"نماز نہ چھوڑے جب تک کہ آواز نہ سن لے یا بدبو نہ محسوس کر لے۔”
(صحیح البخاري، الوضوء باب لا یتوضا من الشک حتی یتیقن، ح: ۱۳۷ وصحیح مسلم، الحیض، باب الدلیل علی ان من تیقن الطہارة ثم شک فی الحدث فلہ ان یصلی بطہارته تلک، ح: ۳۶۱)

اس حدیث مبارکہ سے معلوم ہوتا ہے کہ صرف ہوا کے خارج ہونے سے وضو تو ضرور ٹوٹ جاتا ہے، لیکن استنجا یعنی شرم گاہ کو دھونا واجب نہیں ہوتا۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ اس حالت میں کوئی ایسی نجاست خارج نہیں ہوتی جسے دھونا ضروری ہو۔ اس لیے صرف وضو کرنا کافی ہے۔

وضو کے مکمل طریقے میں شامل ہیں:

✿ کلی کرنا
✿ ناک صاف کرنا
✿ منہ دھونا
✿ کہنیوں تک دونوں ہاتھ دھونا
✿ سر اور کانوں کا مسح کرنا
✿ ٹخنوں تک دونوں پاؤں دھونا

یعنی پورا وضو کرنا ضروری ہے، استنجا نہیں۔

عام غلط فہمی کا ازالہ

یہاں ایک اہم مسئلے کی طرف توجہ دلانا ضروری ہے، جو بہت سے لوگوں کے علم میں نہیں۔

کئی افراد کی یہ عادت ہوتی ہے کہ وہ نماز کے وقت سے پہلے قضائے حاجت (بول و براز) کر لیتے ہیں اور اس کے بعد استنجا بھی کر لیتے ہیں۔ پھر جب نماز کے وقت وضو کرتے ہیں تو یہ سمجھتے ہیں کہ دوبارہ استنجا یعنی شرم گاہ کو دھونا ضروری ہے، حالانکہ یہ بات درست نہیں۔

کیوں کہ جب انسان قضائے حاجت کے بعد شرم گاہ کو دھو لیتا ہے تو وہ مقام پاک ہو جاتا ہے۔ اور جب وہ پاک ہو گیا تو پھر دوبارہ دھونا تب ہی ضروری ہوگا جب وہاں سے کچھ دوبارہ خارج ہو۔

استنجا یا ڈھیلے استعمال کرنے کا مقصد نجاست کو دور کر کے شرم گاہ کو پاک کرنا ہوتا ہے۔ جب یہ مقصد حاصل ہو جائے اور شرم گاہ پاک ہو جائے تو اسے بار بار دھونے کی ضرورت نہیں رہتی جب تک دوبارہ نجاست خارج نہ ہو۔

ھٰذا ما عندی والله أعلم بالصواب

یہ پوسٹ اپنے دوست احباب کیساتھ شئیر کریں

فیس بک
وٹس اپ
ٹویٹر ایکس
ای میل

موضوع سے متعلق دیگر تحریریں:

تبصرہ کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

1