سوال
کیا قرآن شریف پڑھ کر کسی مسلمان بھائی کو ثواب پہنچایا جا سکتا ہے؟ کیا اولاد اپنے والدین کو قرآن پڑھ کر بخش سکتی ہے، جیسا کہ حدیث میں آیا ہے کہ نیک اولاد والدین کے لیے صدقہ جاریہ ہوتی ہے؟ اگر انسان یہ نیت کرے کہ جو کچھ میں پڑھ رہا ہوں، اس کا ثواب فلاں مرنے والے میرے بھائی یا بہن کو پہنچے، تو کیا ایسا کرنا درست ہے؟ برائے مہربانی حوالہ کے ساتھ جواب دیں۔
جواب
الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!
قرآن مجید کی تلاوت کرکے اس کا ثواب کسی زندہ یا فوت شدہ شخص کو پہنچانے یا بھیجنے کے بارے میں نہ تو قرآن مجید کی کوئی آیت وارد ہوئی ہے، نہ ہی رسول اللہﷺ کی کوئی صحیح یا حسن حدیث اس بارے میں وارد ہوئی ہے۔
اس ضمن میں جو حدیث ہے کہ نیک اولاد والدین کے لیے دعا کرتی ہے اور وہ ان کے لیے صدقہ جاریہ ہوتی ہے، اس سے یہ مسئلہ اخذ نہیں کیا جا سکتا کہ قرآن پڑھ کر اس کا ثواب دوسروں کو بخشا جائے۔ حدیث میں صرف دعا کا ذکر ہے، اور قرآن کی تلاوت کے ثواب کے انتقال کا ذکر موجود نہیں۔
ھذا ما عندي والله أعلم بالصواب