مشاجرات صحابہ کرام کے بارے میں سلف کا موقف
تحریر: ابو القاسم نوید شوکت

مشاجرات صحابہ کرام کے بارے میں سلف کا موقف

صحابہ کرام رضی اللہ عنہم وہ خوش نصیب اور جلیل القدر لوگ ہیں جنھوں نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو نکھوں سے دیکھا ، یہ شرف پوری امت میں سے صرف انہیں حاصل ہے اور اس مقام و مرتبہ میں کوئی ان کا شریک نہیں۔ اسی لیے اللہ تعالیٰ نے اپنے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے ذریعے سے ان کو اپنی رضامندی کی بشارتیں دنیا ہی میں عطا کر دیں۔ تمام اہل سنت کا اس بات پر اجماع ہے کہ تمام کے تمام صحابہ کرام رضی اللہ عنہم عادل ہیں ، برخلاف روافض کے، وہ ان پاک باز ہستیوں کے بارے میں زبان درازی کرتے ہیں اور انہیں گالیاں دیتے ہیں۔ (والعیاذ باللہ ) اہل سنت کا اس بات پر بھی اجماع ہے کہ جو شخص کسی ایک صحابی کی بھی تنقیص کرتا ہے یا ان کی شان میں گستاخی کرتا ہے وہ اہل سنت والجماعت سے خارج ہے اور اس بات پر بھی اہل سنت کا اجماع ہے کہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے درمیان جو اجتہادی وجوہ کی بنا پر جنگیں ہوئیں، ان پر کسی قسم کی حرف گیری کرنے کے بجائے مکمل سکوت اختیار کرنا چاہیے۔ اس سلسلے میں ہم سلف صالحین کے چند اقوال نقل کریں گے جس سے واضح ہو جائے گا کہ اس بارے میں سلف صالحین کا کیا موقف تھا ( ان شاء اللہ ) کیونکہ ہمارا یہ منہج ہے کہ ہم قرآن وسنت کو سلف صالحین کے فہم کی روشنی میں سمجھتے ہیں، آج فتنوں کا دور ہے ہر طرف فتنے ہی فتنے ہیں،ان فتنوں سے بچنے کا ایک ہی راستہ ہے کہ ہم قرآن وسنت کو اپنے اسلاف کے فہم کی روشنی میں سمجھیں جس طرح دیگر مسائل کو سلف صالحین کے فہم کی روشنی میں سمجھا ہے اسی طرح صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے درمیان ہونے والی جنگوں کے بارے میں بھی ہم نے یہی دیکھنا ہے کہ ہمارے سلف کا اس سلسلے میں کیا موقف تھا۔ آج کل بعض لوگ دن رات صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کی غلطیاں نت نئے انداز سے عوام کے اندر پھیلانے میں مصروف ہیں۔ یہ حضرات صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کی ان جنگوں کو بنیاد بنا کر بعض صحابہ کی گستاخی تک کر جاتے ہیں، پھر بھی یہ لوگ اپنے آپ کو اہل سنت کہتے ہیں، جبکہ ان کا یہ طریقہ کار اہل سنت کے طرز عمل سے بالکل برعکس ہے۔ اہل سنت کا موقف تو یہ ہے کہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کی ایسی جنگوں کا تذکرہ بھی عوام میں نہ کیا جائے ، بلکہ ان کے لیے رحمت اور استغفار کی دعا کی جائے۔اس بارے میں سلف صالحین کے بعض اقوال پیش خدمت ہیں، تا کہ عام و خاص پر واضح ہو جائے کہ ہر دور میں اہل حق کا یہی موقف و مسلک رہا ہے۔
(1) شهاب بن خراش بن حوشب ( متوفی :171ھ) نے کہا :
” أدركت من أدركت من صدر هذه الأمة وهم يقولون: اذكروا محاسن أصحاب رسول الله صلى الله عليه وسلم ما تأتلف عليه القلوب، ولا تذكروا الذى شجر بينهم فتحرشوا الناس عليهم “
اس امت کے پہلے لوگ جن کو میں نے پایا ہے وہ سب یہی کہتے تھے: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے صحابہ کی نیکیاں ذکر کرو، تاکہ دل نرم ہوں اور ان کی آپس کی جنگوں کا تذکرہ نہ کرو کہ تم لوگوں کو ان کے خلاف بھڑ کاؤ۔
الكامل لابن عدي 5 / 53 ت 894 ، نسخه أخرى161/6، وسنده حسن
(2) امام العوام بن حوشب رحمہ اللہ (المتوفى: 148) نے کہا:
” اذكروا محاسن أصحاب محمد عليه السلام تأتلف عليه القلوب، ولا تذكروا مساويهم ، فتحرشوا الناس عليهم “
محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے صحابہ کی نیکیوں کو ذکر کرو ، تا کہ دل نرم ہوں اور ان کی (اجتہادی ) خطاؤں کو بیان نہ کرو کہ تم لوگوں کو ان کے خلاف بھڑ کاؤ۔
السنة للخلال 513/3 ، وسنده حسن
(3)امام ابو بکر المروزی (متوفی 275ھ) کہتے ہیں کہ امام احمد رحمہ اللہ (متوفی : 241ھ ) سے پوچھا گیا:
”ما تقول فيما كان من على ومعاوية رحمهما الله؟ فقال أبو عبد الله : ما أقول فيها إلا الحسنى رحمهم الله أجمعين“
آپ سیدنا علی اور سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہما کے درمیان جو ( جھگڑا) ہوا، اس کے بارے میں کیا کہتے ہیں؟ تو انھوں نے فرمایا: میں ان کے بارے میں اچھی بات ہی کہتا ہوں، اللہ ان سب پر رحم فرمائے ۔
السنة للخلال 1 / 460 ، وسنده حسن
(4) امام عبد الرحمن بن ابی حاتم (متوفی 327ھ ) کہتے ہیں:
”سألت أبى وأبا زرعة عن مذاهب أهل السنة فى أصول الدين ، وما أدركا عليه العلماء فى الأمصار ، وما يعتقدان من ذلك ، فقالا: أدركنا العلماء فى جميع الأمصار حجازا وعرافا وشاما ويمنا فكان من مذهبهم: الإيمان قول وعمل ، يزيد وينقص ، والقرآن كلام الله غير مخلوق بجميع جهاته ، والقدر خيره وشره من الله عز وجل، وخير هذه الأمة بعد نبيها عليه الصلاة والسلام أبو بكر الصديق ، ثم عمر بن الخطاب ، ثم عثمان بن عفان، ثم على بن أبى طالب عليهم السلام، وهم الخلفاء الراشدون المهديون ، وأن العشرة الذين سماهم رسول الله صلى الله عليه وسلم وشهد لهم بالجنة على ما شهد به رسول الله صلى الله عليه وسلم وقوله الحق ، والترحم على جميع أصحاب محمد والكف عما شجر بينهم.“
میں نے اپنے والد ( ابو حاتم الرازی ) اور ابوزرعہ الرازی خیال سے اصول دین میں مذاہب اہل سنت کے بارے میں پوچھا اور یہ کہ انھوں نے تمام شہروں کے علماء کوکس (عقیدے) پر پایا ہے اور آپ دونوں کا کیا عقیدہ ہے؟ تو انھوں نے جواب دیا: ہم نے حجاز ، عراق ،مصر، شام اور یمن کے تمام شہروں میں علماء کو اس مذہب پر پایا۔ پھر انھوں ( امام ابن ابی حاتم ) نے وہ باتیں ذکر کیں، ان میں سے ایک بات یہ بھی تھی کہ محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے تمام صحابہ کے بارے میں رحمت کی دعا مانگنی چاہیے اور ان کے درمیان جو اختلافات تھے ان کے بارے میں (مکمل) سکوت کرنا چاہیے۔
کتاب اصول الدین و اعتقاد الدین لابن ابی حاتم و عقيدة الرازيين، ص239
(5)امام یحییٰ بن حسان (متوفی 208ھ) نے کہا:
” وتذاكروا ، ما كان بين أصحاب النبى صلى الله عليه وسلم : وما جرى من الكلام بينهم ، فقال: ليس لنا أن نقول ما قالوا فى أنفسهم ، ثم قال: قال حماد بن زيد: كيف بحديث شهاب بن خراش، عن عمه: تذاكروا محاسن أصحاب النبى صلى الله عليه وسلم كي تأتلف عليهم قلوب الناس ، ولا تذكروا مساوبهم .“
نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے صحابہ کے (فضائل و مناقب کے ) تذکرے کرو اور جوان کے مابین واقعات و حوادث ہوئے ، پھر انہوں نے (خود ہی ) کہا : ہمیں کوئی حق نہیں کہ ہم ان کی (آپس کی) باتوں پر تبصرہ کریں، پھر کہا کہ حماد (بن زید رحمہ اللہ) نے فرمایا: شہاب بن خراش نے اپنے چچا سے کیسی (عمدہ) بات نقل کی ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے صحابہ کے محاسن (خوبیاں ) بیان کرو، تاکہ لوگوں کے دل ان کے لیے نرم ہوں اور ان کی خطائیں ذکر نہ کرو۔
السنة للخلال 512/3 ، وسنده صحيح
(6) امام محمد بن حسین الآجری (متوفی 360ھ) نے کہا:
”ينبغي لمن تدبر رسمناه من فضائل أصحاب رسول الله صلى الله عليه وسلم وفضائل أهل بيته رضي الله عنهم أجمعين أن يحبهم ويترحم عليهم ويستغفر لهم ، ويتوسل إلى الله الكريم لهم ويشكر الله العظيم إذ وفقه لهذا، ولا يذكر ما شجر بينهم و ولا ينقر عنه ولا يبحث ، فإن عارضنا جاهل مفتون قد خطيء به عن طريق الرشاد فقال: لم قاتل فلان لفلان ولم قتل فلان لفلان وفلان؟ . قيل له ما بنا وبك إلى ذكر هذا حاجة تنفعنا ولا اضطررنا إلى علمها . فإن قال: ولم؟ قيل له: لأنها فتن شاهدها الصحابة رضي الله عنهم فكانوا فيها على حسب ما أراهم العلم بها وكانوا أعلم بتأويلها من غيرهم، وكانوا أهدى سبيلا ممن جاء بعدهم لأنهم أهل الجنة، عليهم نزل القرآن وشاهدوا الرسول صلى الله عليه وسلم وجاهدوا معه وشهد لهم الله عز وجل بالرضوان والمغفرة والأجر العظيم، وشهد لهم الرسول صلى الله عليه وسلم أنهم خير قرن . فكانوا بالله عز وجل أعرف وبرسوله صلى الله عليه وسلم وبالقرآن وبالسنة ومنهم يؤخذ العلم وفى قولهم نعيش، وبأحكامهم نحكم وبأدبهم نتأدب ولهم نتبع وبهذا أمرنا . فإن قال: وإيش الذى يضرنا من معرفتنا لما جرى بينهم والبحث عنه؟ . قيل له: ما لا شك فيه وذلك أن عقول القوم كانت أكبر من عقولنا، وعقولنا أنقص بكثير ولا نأمن أن نبحث عما شجر بينهم فنزل عن طريق الحق ونتخلف عما أمرنا فيهم . فإن قال: وبم أمرنا فيهم؟ . قيل: أمرنا بالاستغفار لهم والترحم عليهم والمحبة لهم والاتباع لهم ، دل على ذلك الكتاب والسنة وقول أئمة المسلمين، وما بنا حاجة إلى ذكر ما جرى بينهم، قد صحبوا الرسول صلى الله عليه وسلم وصاهرهم وصاهروه ، فبالصحبة يغفر الله الكريم لهم، وقد ضمن الله عز وجل فى كتابه أن لا يخزي منهم واحدا وقد ذكر لنا الله تعالى فى كتابه أن وصفهم فى التوراة والإنجيل، فوصفهم بأجمل الوصف ونعتهم بأحسن النعت، وأخبرنا مولانا الكريم أنه قد تاب عليهم ، وإذا تاب عليهم لم يعذب واحدا منهم أبدا رضي الله عنهم ورضوا عنه أولئك حزب الله ألا إن حزب الله هم المفلحون . فإن قال قائل: إنما مرادى من ذلك لأن أكون عالما بما جرى بينهم فأكون لم يذهب على ما كانوا فيه لأني أحب ذلك ولا أجهله . قيل له: أنت طالب فتنة لأنك تبحث عما يضرك ولا ينفعك ولو اشتغلت بإصلاح ما لله عزوجل عليك فيما تعبدك به من أداء فرائضه واجتناب محارمه كان أولى بك. وقيل : ولا سيما فى زماننا هذا مع قبح ما قد ظهر فيه من الأهواء الضالة . وقيل له: اشتغالك بمطعمك وملبسك من أين هو؟ بك، وتكسبك لدرهمك من أين هو؟ وفيما تنفقه؟ أولى بك. وقيل: لا يأمن أن يكون بتنقيرك وبحثك عما شجر بين القوم إلى أن يميل قلبك فتهوى ما لا يصلح لك أن تهواه ويلعب بك الشيطان فتسب وتبغض من أمرك الله بمحبته والاستغفار له وباتباعه فتزل عن طريق الحق وتسلك طريق الباطل فإن قال: فاذكر لنا من الكتاب والسنة وعمن سلف من علماء المسلمين ما يدل على ما قلت لترد نفوسنا عما تهواه من البحث عما شجر بين الصحابة رضي الله عنهم . قيل له: قد تقدم ذكرنا لما ذكرته مما فيه بلاغ وحجة لمن عقل ، ونعيد بعض ذكرناه ليتيقظ به المؤمن المسترشد إلى طريق الحق: قال الله عز وجل: ﴿محمد رسول الله والذين معه أشداء على الكفار رحماء بينهم ترا هم ركعا سجدا يبتغون فضلا من الله ورضوانا سيماهم فى وجوههم من أثر السجود ذلك مثلهم فى التوراة ومثلهم فى الإنجيل كزرع أخرج شطأه فآزره فاستغلظ فاستوى على سوقه يعجب الزراع ليغيظ بهم الكفارة﴾ الفتح : 29 . ثم وعدهم بعد ذلك المغفرة والأجر العظيم، وقال الله عز وجل: ﴿لقد تاب الله على النبى والمهاجرين والأنصار الذين اتبعوه فى ساعة العسرة﴾ التوبة:117 وقال عزوجل: ﴿والسابقون الأولون من المهاجرين والأنصار والذين اتبعوهم بإحسان رضي الله عنهم﴾ التوبة: 100 إلى آخر الآية ، وقال عز وجل: ﴿يوم لا يخزى الله النبى والذين آمنوا معه نورهم يسعى أيديهم وبأيمانهم﴾ التحريم: 8 الآية، وقال عز وجل: ﴿كنتم خير أمة﴾ آل عمران: 110 الآية. وقال عز وجل: ﴿لقد رضي الله عن المؤمنين﴾ الفتح: 18 إلى آخر الآية ، ثم إن الله عز وجل أثنى على من جاء بعد الصحابة فاستغفر للصحابة وسأل مولاه الكريم أن لا يجعل فى قلبه غلا لهم ، فأثنى الله عز وجل عليه بأحسن ما يكون من الثناء؛ فقال عز وجل: ﴿والذين جاءوا من بعدهم﴾ إلى قوله: ﴿رءوف رحيم﴾ . وقال النبى صلى الله عليه وسلم : خير الناس قرني ثم الذين يلونهم ثم الذين يلونهم . وقال ابن مسعود: إن الله عز وجل نظر فى قلوب العباد فوجد قلب محمد صلى الله عليه وسلم خير قلوب العباد فاصطفاه لنفسه، وبعثه برسالته، ثم نظر فى قلوب العباد بعد قلب محمدم صلى الله عليه وسلم فوجد قلوب أصحابه خير قلوب العباد ، فجعلهم وزراء نبيه صلى الله عليه وسلم يقاتلون على دينه ، قال محمد بن الحسين رحمه الله: يقال لمن سمع هذا من الله عز وجل ومن رسول الله صلى الله عليه وسلم إن كنت عبدا موفقا للخير اتعظت بما وعظك الله عز وجل به، وإن كنت متبعا لهواك خشيت عليك أن تكون ممن قال الله عز وجل: ﴿ومن أضل ممن اتبع هواه بغير هدى من الله﴾ القصص:50 وكنت ممن قال الله عز وجل: ﴿ولو علم الله فيهم خيرا لأسمعهم ولو أسمعهم لتولوا وهم معرضون﴾ الأنفال:23 . ويقال له: من جاء إلى أصحاب رسول الله صلى الله عليه وسلم حتى يطعن فى بعضهم ويهوى بعضهم ويدم بعضا ويمدح بعضا فهذا رجل طالب فتنة ، وفي الفتنة وقع لأنه واجب عليه محبة الجميع والاستغفار للجميع رضي الله عنهم ونفعنا بحبهم ، ونحن نزيدك فى البيان ليسلم قلبك للجميع وتدع البحث والتنقير عما شجر بينهم .“
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے صحابہ اور اہل بیت نبی رضی اللہ عنہم کے فضائل کے بارے میں جو کچھ ہم نے لکھا ہے، اس پر غور و فکر کرنے والے کے لیے لازم ہے کہ وہ ان سے محبت کرے، ان کے لیے رحمت کی دعا مانگے ، ان کے لیے استغفار کرے اور اللہ کریم کی طرف ان کے لیے وسیلہ تلاش کرے ( یعنی رحمت کی دعا اور بخشش کی دعا کے ذریعے سے ) اور اللہ عظیم کا شکر ادا کرے کہ اس نے اسے اس کی توفیق دی ہے اور ان کے آپس کے اختلاف ہیں انہیں ذکر نہ کرے اور نہ کریدے ان کو اور نہ بحث کرے۔ پس اگر کوئی جاہل فتنے بازسیدھے رستے سے ہٹا ہوا شخص ہم سے جھگڑا کرے اور وہ کہے: فلاں نے فلاں سے لڑائی کیوں کی ؟ فلاں نے فلاں کو کیوں قتل کیا ؟ تو اس سے کہا جائے گا: ہمیں اور تمہیں ان باتوں کے ذکر کرنے کا کوئی فائدہ نہیں اور نہ ہم ان باتوں کو جاننے کے مکلف و مجبور ہیں ( کہ انہیں جانے بغیر کوئی چارہ نہیں ) پس اگر وہ کہے کس لیے ؟ تو اس سے کہا جائے گا: کیوں کہ وہ جنگیں فتنے تھے جن کا مشاہدہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم نے کیا اور وہ اپنے اپنے علم کے مطابق ان میں واقع ہوئے اور وہ دوسروں کی نسبت ان کی تاویل و حقیقت کو زیادہ جانتے تھے اور وہ بعد میں آنے والوں کی نسبت زیادہ سیدھے رستے پر تھے ، کیونکہ وہ اہل جنت میں سے ہیں۔ ان کے بارے میں قرآن نازل ہوا، انہوں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو دیکھا اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ مل کر جہاد کیا اور اللہ تعالیٰ نے ان کے لیے اپنی رضامندی، مغفرت اور اجر عظیم کی گواہی دی اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے بھی گواہی دی کہ وہ بہترین زمانے میں ہیں۔ وہ (صحابہ کرام رضی اللہ عنہم ) اللہ عزوجل اور اس کے رسول ( صلی اللہ علیہ وسلم )اور قرآن وسنت کو زیادہ پہچاننے والے تھے اور ان کی بیان کردہ باتوں کی وجہ سے ہم زندگی گزار رہے ہیں اور انھی کے سکھائے ہوئے احکام کے ساتھ ہم فیصلے کرتے ہیں اور انھی کے سکھائے ہوئے ادب سے ہم ادب سیکھتے ہیں اور انھی کے سبب سے ہم (صراط مستقیم) کی پیروی کرتے ہیں اور اسی بات کا ہمیں حکم دیا گیا ہے۔ پس اگر وہ کہے: ہمیں کیا نقصان ہوگا کہ ہم (صحابہ کرام رضی اللہ عنہم ) کے درمیان ہونے والے اختلاف کو جانیں اور ان سے متعلق بحث کریں؟ تو اس سے کہا جائے گا: اس میں کوئی شک نہیں (کہ ہمیں نقصان ہوگا) کیونکہ ان لوگوں کی سوجھ بوجھ ہماری سوجھ بوجھ سے زیادہ تھی اور ہماری سمجھ بہت کم ہے۔ اگر ہم ان کے آپس کے اختلافات سے متعلق بحث کریں تو ہم محفوظ نہیں ہیں، ہم سیدھے راستے سے پھسل جائیں گے اور جو ہمیں ان کے بارے میں حکم دیا گیا ہے اس سے ہم پیچھے رہ جائیں گے۔ اگر وہ کہے کہ ان کے بارے میں کس چیز کا حکم دیا گیا ہے؟ تو کہا جائے گا: ہمیں ان کے لیے استغفار کا حکم دیا گیا ہے اور ان کے لیے رحمت کی دعا کرنے کا حکم دیا گیا ہے اور ان سے محبت کرنے کا حکم دیا گیا ہے اور ہمیں ان کے اتباع کا حکم دیا گیا ہے جس پر قرآن وسنت اور مسلمین کے اقوال دلالت کرتے ہیں جو ان کے آپس کے اختلافات ہیں ہمیں ان کو ذکر کرنے کی ضرورت ہی نہیں ۔ صحابہ کرام کو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی صحبت حاصل ہوئی (نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم) نے ان سے اپنا رشتہ جوڑا اور انھوں نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے رشتہ جوڑا ، چنانچہ اس صحبت کی وجہ سے اللہ تعالیٰ نے ان کو بخش دیا اور اللہ تعالیٰ نے اپنی کتاب میں ضمانت دی ہے کہ ان میں سے کسی ایک کو بھی رسوا نہیں کرے گا اور اللہ تعالیٰ نے اپنی کتاب میں ہمارے لیے ذکر کر دیا ہے کہ ان کے اوصاف تو رات اور انجیل میں بھی ہیں۔ پس اللہ تعالیٰ نے ان کے خوبصورت وصف کو بیان کیا اور اللہ تعالیٰ نے ان کی سب سے اچھی تعریف بیان کی ہے۔ ہمیں ہمارے مالک کریم نے خبر دی ہے کہ اس نے ان کی تو بہ کو قبول کر لیا ہے اور جب اس نے ان کی توبہ قبول کر لی ہے تو وہ ان میں سے کسی ایک کو بھی کبھی عذاب نہیں دے گا۔ اللہ تعالیٰ ان سے راضی ہو گیا اور وہ اپنے رب سے راضی ہو گئے یہی اللہ کی جماعت ہے۔ خبردار! بے شک اللہ کی جماعت وہی کامیاب ہونے والی جماعت۔ پس اگر کوئی کہنے والا کہے: میری مراد اس سے محض یہ ہے کہ میں ان کے آپس کے اختلافات کو جان لوں ، تاکہ میں ان حوادث کا شکار نہ ہو جاؤں جن سے وہ دوچار ہوئے ، کیونکہ میں ان (حالات ) کو جاننا پسند کرتا ہوں اور اس سے بے خبر نہیں رہنا چاہتا۔ تو اس سے کہا جائے گا : تو فتنے کو تلاش کرنے والا ہے تا کہ تو اس چیز میں بحث کرے جو تجھے نقصان پہنچاتی نہ نفع دیتی ہے اور اگر تو اس چیز کی اصلاح کرنے میں مشغول ہو جائے جس کو اللہ تعالیٰ نے تیرے لیے ضروری قرار دیا ہے پھر تو اس کے فرائض ادا کر سکے اور اس کی حرام کردہ چیزوں سے بچ سکے تو یہ تیرے لیے زیادہ بہتر ہے۔ اور کہا جائے گا: بطورِ خاص ہمارے اس دور میں کہ جس میں گمراہ کن خواہشات کی وبا پھیل چکی ہے۔
اور اسے کہا جائے گا: تیرا اپنے کھانے پینے کے بارے میں غور وفکر کرنا کہ وہ کہاں سے ہے (یعنی حلال طریقے سے ہے یا حرام طریقے سے ) یہ تیرے لیے زیادہ بہتر ہے اور اپنے درہموں کی کمائی کے بارے میں کہ وہ کہاں سے ہیں؟ اور انہیں تو کہاں خرچ کرتا ہے، یہ تیرے لیے زیادہ بہتر ہے۔ اور کہا جائے گا: تیرا لوگوں کے اختلافات کے بارے میں کریدنا اور بحث کرنا اس امر سے محفوظ نہیں کہ تیرا دل اس طرف مائل ہو جائے جو تیرے لیے درست نہیں اور شیطان تیرے ساتھ کھیلے، پھر تو اسے برا بھلا کہے اور اس سے بغض رکھے جس سے اللہ تعالیٰ نے محبت کا حکم دیا ہے اور اس کے لیے استغفار کا حکم دیا ہے اور اس کے اتباع کا حکم دیا ہے، سو تو راہ حق سے ہل کر باطل کے رستے پر چل پڑے گا۔ اگر وہ کہے: کتاب وسنت اور سلف صالحین و علمائے مسلمین کے اقوال و افعال ہمیں بتاؤ جو تمہارے موقف پر دلالت کریں تا کہ ہم اس میں واقع ہونے سے بچ سکیں۔ اسے کہا جائے گا: ہم تمہاری اس بات کا تذکرہ کر چکے ہیں جس میں عقل و بصیرت والے کے لیے پیغام اور حجت ہے، تاہم بعض کو دوبارہ بیان کیے دیتے ہیں تا کہ ہدایت چاہنے والا مومن رہ حق کی طرف چوکنا اور متنبہ ہو۔ ارشاد باری تعالیٰ ہے: محمد (صلی اللہ علیہ وسلم) اللہ کے رسول ہیں اور وہ لوگ جوان کے ساتھ ہیں کافروں پر بہت سخت ، آپس میں نہایت رحم دل ہیں، تو انہیں اس حال میں دیکھے گا کہ رکوع کرنے والے ہیں، سجدے کرنے والے ہیں، اپنے رب کا فضل اور (اس کی ) رضا ڈھونڈتے ہیں، ان کی شناخت ان کے چہروں میں (موجود) ہے، سجدے کرنے کے اثر سے۔ یہ ان کا وصف تورات میں ہے اور انجیل میں ان کا وصف اس کھیتی کی طرح ہے جس نے اپنی کونپل نکالی، پھر اسے مضبوط کیا، پھر وہ موٹی ہوئی ، پھر اپنے تنے پر سیدھی کھڑی ہوگئی ، کاشت کاروں کو خوشکرتی ہے، تا کہ وہ ان کے ذریعے سے کافروں کو غصہ دلائے ۔“ الفتح : 29 بعض ازاں ان سے مغفرت اور اجر عظیم کا وعدہ کیا۔ اللہ عزوجل نے فرمایا: ”بلاشبہ اللہ نے بنی پر مہربانی کے ساتھ توجہ فرمائی اور مہاجرین و انصار پر بھی جو تنگ دستی کی گھڑی میں ان کے ساتھ رہے۔“ التوبۃ: 117 نیز فرمایا: ” مہاجرین و انصار میں سے سبقت کرنے والے سب سے پہلے لوگ اور وہ لوگ جو نیکی کے ساتھ ان کے پیچھے آئے ، اللہ ان سے راضی ہو گیا اور وہ اس سے راضی ہو گئے .“ التوبۃ :100 اور فرمایا : ”جس دن اللہ نبی کو اور ان لوگوں کو جو اس کے ساتھ ایمان لائے ، رسوا نہیں کرے گا، ان کا نوران کے آگے اور ان کی دائیں طرفوں میں دوڑ رہا ہوگا۔“ التحریم: 8اور فرمایا: ”تم بہترین امت ہو .“ آل عمران: 100 اسی طرح فرمایا: ”یقینا اللہ مومنوں سے راضی ہو گیا ۔“ الفتح: 18
پھر اللہ تعالیٰ نے ان کی تعریف کی جو صحابہ ( رضی اللہ عنہم ) کے بعد آئے ، جنھوں نے صحابہ کے لیے بخشش طلب کی اور اپنے مولا کریم سے سوال کیا کہ وہ اس کے دل میں کسی قسم کا کینہ ان کے لیے نہ پیدا کرے، چنانچہ اللہ تعالیٰ نے ان کی تعریف کی بہت ہی خوب تعریف، جو ان کے لیے ہے۔ ارشاد باری تعالیٰ ہے: ”اور (ان کے لیے ) جوان کے بعد آئے ، وہ کہتے ہیں: اے ہمارے رب! ہمیں اور ہمارے ان بھائیوں کو بخش دے جنہوں نے ایمان لانے میں ہم میں سے پہل کی اور ہمارے دلوں میں ان لوگوں کے لیے کوئی کینہ نہ رکھ جو ایمان لائے۔ اے ہمارے رب ! یقیناً تو بے حد شفقت کرنے والا نہایت رحم والا ہے۔“
الحشر : 10
نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”لوگوں میں سے بہترین زمانہ میرا ہے، پھر ان لوگوں کا جوان کے بعد ہیں، پھر ان کا جو ان کے بعد ہیں ۔ “
صحیح بخاری:2652 صحیح مسلم : 2533
سید نا عبد اللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ نے کہا: بے شک اللہ تعالیٰ نے لوگوں کے دلوں کو دیکھا تو محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے دل کو تمام لوگوں کے دلوں سے بہترین پایا، چنانچہ انہیں اپنے لیے چن لیا اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو اپنی رسالت کے ساتھ مبعوث کیا، پھر لوگوں کے دلوں کو دیکھا تو محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے دل کے بعد، اللہ تعالیٰ نے آپ ( صلی اللہ علیہ وسلم ) کے صحابہ کے دلوں کو بقیہ لوگوں کے دلوں سے بہتر پایا، لہذا انہیں اپنے نبی ( صلی اللہ علیہ وسلم ) کے وزراء بنا دی وہ قتال کرتے ہیں اس کے دین کے لیے۔
مسند احمد : 379/1 وسندہ حسن
محمد بن حسین رحمہ اللہ نے کہا: جس شخص نے یہ باتیں اللہ عز وجل اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سنیں اسے کہا جائے گا: اگر تو خیر کو تلاش کرنے والا بندہ ہے تو نصیحت قبول کر جو اللہ عزوجل نے تجھے نصیحت کی ہے اور اگر تو اپنی خواہشات کی پیروی کرنے والا ہے تو مجھے خدشہ ہے کہ تو اس آیت کا مصداق بن جائے گا، چنانچہ ارشاد باری تعالیٰ ہے: اور اس سے بڑھ کر گمراہ کون ہے جو اللہ کی طرف سے کسی ہدایت کے بغیر اپنی خواہش کی پیروی کرے۔“ القصص:50 نیز اس آیت کے بھی اللہ تعالیٰ نے فرمایا: ”اور اگر اللہ ان میں کوئی بھلائی جانتا تو انہیں ضرور سنوا دیتا اور اگر وہ انہیں سنوا دیتا تو بھی وہ منہ پھیر جاتے ، اس حال میں کہ وہ بے رخی کرنے والے ہوتے ۔ “ الانفال: 23 اور کہا جائے گا اس کو : جو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے صحابہ کی طرف آتا ہے حتی کہ ان میں سے بعض پر طعن کرتا ہے اور بعض کی مذمت کرتا ہے اور بعض کی تعریف کرتا ہے تو یہ آدمی فتنے کا طالب ہے اور فتنے میں واقع ہو چکا ہے کیونکہ اس پر تمام ( صحابہ کرام رضی اللہ عنہم ) ان کی محبت اور ان کے لیے استغفار کرنا واجب ہے۔ اللہ تعالیٰ ان سے راضی ہو اور ہمیں ان کی محبت کے ذریعے سے نفع دے۔ ہم مزید بیان کریں گے تاکہ تیرا دل تمام صحابہ کرام کے لیے صحیح سلامت ہو جائے اور تو ان کے مابین اختلافات سے متعلق بحث و تنقیر کو چھوڑ دے۔
الشريعة للآجري ج 5 ص 2485
(7) امام ابوعثمان اسماعیل بن عبدالرحمن الصابونی (متوفی 449ھ) نے کہا:
”ويرون الكف عما شجر بين أصحاب رسول الله صلى الله عليه وسلم ، و تطهير الألسنة عن ذكر ما يتضمن عيبا لهم و نقصا فيهم ، ويرون الترحم على جميعهم“
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے صحابہ کے درمیان مشاجرات سے متعلق وہ (محدثین ہر اعتبار سے ) رک جانے کو لازم سمجھتے ہیں، جس بات سے ان کے لیے کسی عیب اور کسی قسم کا نقص واقع ہو اس سے زبان کی تطہیر بھی ضروری ہے۔ وہ تمام صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے لیے دعائے رحمت کو ضروری قرار دیتے ہیں۔
عقيدة السلف وأصحاب الحديث ص 294
(8) امام ابن قدامہ المقدسی نے کہا:
”ومن السنة تولى أصحاب رسول الله صلى الله عليه وسلم ومحبتهم وذكر محاسنهم ، والترحم عليهم ، والإستغفار لهم والكف عن ذكر مساوئهم وما شجر بينهم . واعتقاد فضلهم و معرفة سابقتهم“
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم سے دوستی ، ان سے محبت کرنا ، ان کے محاسن بیان کرنا، ان کے لیے رحمت و بخشش کی دعا کرنا اور ان کی خطائیں بیان کرنے سے رک جانا ، ان کے آپس کے اختلافات بیان کرنے سے باز رہنا اور ان کی فضیلت کا اعتقاد رکھنا سنت میں سے ہے۔
لمعة الاعتقاد ص 75
(9) امام محمد بن عبد الله الاندلسی ( ابن ابی زمنین متوفی 399ھ) نے کہا:
ومن قول أهل السنة أن يعتقد المرء المحبة لأصحاب النبى صلى الله عليه وسلم وأن ينشر محاسنهم وفضائلهم ، ويمسك عن الخوض فيما دار بينهم
اہل سنت کے قول میں سے ہے کہ آدمی نبی کر یم صلی اللہ علیہ وسلم کے صحابہ سے محبت کا عقیدہ رکھے اور ان کے فضائل و محاسن پھیلائے اور جو ان کے آپس کے اختلافات ہیں ان میں غور و خوض کرنے سے رُک جائے۔
رسالة أصول السنة لابن أبي زَمَنِين ص263
(10) امام ابوبکر الاسماعیلی (متوفی 371ھ) نے کہا:
”والكف عن الوقيعة فيهم، و تأول القبيح عليهم ، ويكلونهم فيما جرى بينهم على التأويل إلى الله عزوجل .“
اور ان (صحابہ کرام رضی اللہ عنہم ) کے درمیان ہونے والے اختلافات سے رُک جانا اور ان کی خطا کی تاویل کرنا چاہیے اور ان کے درمیان ہونے والے مشاجرات کی تاویل اللہ کے سپرد کرنی چاہیے۔
اعتقاد ائمة الحديث لأبي بكر الإسماعيلي ص53-52
(11) الشيخ عدی بن مسافر نے کہا:
”والكف عن ما شجر بين أصحاب رسول الله صلى الله عليه وسلم و نشر محاسنهم والكف عن ما جرى بينهم و أن الله قد غفر لهم و علم نبيه أنهم سيقتتلون . “
رسول الله ( صلی اللہ علیہ وسلم ) کے صحابہ کے درمیان جو مشاجرات ہوئے انہیں بیان کرنے سے رُک جانا چاہیے اور ان کے محاسن عام کرنے چاہیے اور ان کے درمیان آپس کے اختلافات کو ( بیان ) کرنے سے باز رہنا چاہیے۔ یقیناً اللہ تعالیٰ نے انہیں بخش دیا ہے، اور (اللہ تعالیٰ) نے اپنے نبی کو بتا دیا تھا کہ وہ آپس میں لڑیں گے۔
اعتقاد أهل السنة والجماعة الشيخ عدي بن مسافر ص38
(12) امام ابن بطہ (متوفی 387ھ) نے کہا:
” نكف عما شجر بين أصحاب رسول الله صلى الله عليه وسلم فقد شهدوا المشاهد معه ، و سبقو الناس بالفضل، فقد غفر الله لهم ، وأمرك بالإستغفار لهم ، والتقرب إليه بمحبتهم فرض ذلك على لسان نبيه، وهو يعلم ما سيكون منهم و أنهم سيقتتلون، وإنما فضلوا على سار الخلق ، لأن الخطأ والعمد قد وضع عنهم من كل ما شجر بينهم مغفور لهم“
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے صحابہ کے آپس کے اختلافات کے بارے میں ہم ( ہر قسم کے کلام سے ) رک جاتے ہیں، کیونکہ وہ (صحابہ کرام رضی اللہ عنہم ) آپ ( صلی اللہ علیہ وسلم ) کے ساتھ شانہ بشانہ غزوات میں حاضر رہے اور وہ فضیلت میں لوگوں سے سبقت لے گئے، پس اللہ تعالیٰ نے انہیں معاف کر دیا اور تمہیں حکم دیا کہ ان کے لیے بخشش طلب کرو اور ان کی محبت کے ذریعے سے ان کا تقرب حاصل کرو، اسے اپنے نبی (صلی اللہ علیہ وسلم) کی زبان کے ذریعے سے فرض قرار دیا، حالانکہ وہ (اللہ تعالیٰ) جانتا تھا جو کچھ ان کے درمیان ہونے والا تھا اور یقیناً وہ آپس میں لڑیں گے، انہیں ساری مخلوق پر فضیلت دی گئی ، کیونکہ بھول چوک اور خطا ان سے معاف کر دی گئی ہے اور جو کچھ ان کے درمیان لڑائی وغیرہ ہوئی ہیں ان کے لیے مغفرت ہے۔
الشرح والإبانة على أصول السنة والديانة ص190
(13) شیخ الاسلام امام ابن تیمیہ نے کہا:
”ويتبرؤون من طريقة الروافض الذين يبغضون الصحابة ويسبونهم . وطريقة النواصب الذين يؤذون أهل البيت بقول أو عمل . ويمسكون عما شجر بين الصحابة، ويقولون: إن هذه الآثار المروية فى مساويهم منها ما هو كذب ، ومنها ما قد زيد فيه ونقص وغير عن وجهه، والصحيح منه هم فيه معدورون: إما مجتهدون مصيبون، وإما مجتهدون مخطئون . وهم مع ذلك لا يعتقدون أن كل واحد من الصحابة معصوم عن كبائر الإثم وصغائره؛ بل يجوز عليهم الذنوب فى الجملة. ولهم من السوابق والفضائل ما يوجب مغفرة ما يصدر منهم – إن صدر – ، حتى إنهم يغفر لهم من السيئات ما لا يغفر لمن بعدهم؛ لان لهم من الحسنات التى تمحو السيئات ما ليس لمن بعدهم . وقد ثبت بقول رسول الله صلى الله عليه وسلم أنهم خير القرون، وأن المد من أحدهم إذا تصدق به كان أفضل من جبل أحد ذهبا ممن بعدهم . ثم إذا كان قد صدر من أحدهم ذنب، فيكون قد تاب منه، أو أتى بحسنات تمحوه، أو غفر له؛ بفضل سابقته ، أو بشفاعة محمد صلى الله عليه وسلم الذى هم أحق الناس بشفاعته ، أو ابتلي ببلاء فى الدنيا كفر به عنه فإذا كان هذا فى الذنوب المحققة؛ فكيف الأمور التى كانوا فيها مجتهدين: إن أصابوا فلهم أجران، وإن أخطؤوا؛ فلهم أجر واحد، والخطأ مغفور . “
اور وہ (اہل السنتہ ) روافض کے طریقے سے بری ہیں جو صحابہ کرام ( رضی اللہ عنہم ) سے بغض رکھتے ہیں اور انہیں برا بھلا کہتے ہیں اور ناصبیوں کے طریقے سے بھی (بری ہیں ) جو اہل بیت کو قول و عمل کے ذریعے سے ایذا دیتے ہیں۔ اور وہ (اہل السنۃ ) صحابہ کرام ( رضی اللہ عنہم ) کے درمیان ہونے والی جنگوں کے بارے میں سکوت کرتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ بے شک (صحابہ کرام رضی اللہ عنہم) کی غلطیوں کے بارے میں مروی یہ آثار کہ ان میں سے بعض من گھڑت جھوٹے ہیں اور بعض میں زیادتی اور بعض میں کمی کی گئی ہے اور بعض کو اپنی اصل سے ہٹا دیا گیا۔ اور اس میں سے جو صحیح ہے اس میں وہ معذور ہیں۔ تو اجتہاد کرنے والے درست ہیں یا غلطی پر ہیں اور وہ (اہل السنتہ ) اس کے ساتھ ہر ایک صحابی کے بارے میں صغیرہ و کبیرہ گناہوں سے معصوم ہونے کا عقیدہ نہیں رکھتے بلکہ فی الجملہ ان سے غلطی کا ہونا ممکن ہے، اور ان کے لیے ایسے اچھے اعمال اور فضیلت والے کام ہیں کہ جو ان سے صادر ہونے والی غلطیوں کے لیے مغفرت کو واجب کرتے ہیں۔ یہاں تک کہ ان کی وہ غلطیاں بخش دی جائیں گی جو ان کے بعد کسی کے لیے بخشی نہیں جائیں گی، کیونکہ ان کی ایسی نیکیاں ہیں جو غلطیوں کو مٹا دیتی ہیں اور ( یہ اعزاز ) ان کے بعد والوں کے لیے نہیں ۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا قول ثابت ہے کہ بے شک وہ بہترین زمانے میں ہیں۔ اور ان (صحابہ کرام عنہم ) میں سے کسی ایک کا ایک مد خرچ کرنا بعد والوں کے احد پہاڑ کے برابر سونا خرچ کرنے سے افضل ہے۔ پھر جب ان میں سے کسی ایک سے کوئی غلطی ہوئی تو اس نے اس سے توبہ کی یا اس نے کوئی ایسی نیکی کی جو اس گناہ کو مٹادیتی ہے یا اس کے اچھے عمل کی فضیلت کی وجہ سے اس کو بخش دیا گیا یا جو سیدنا محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی لوگوں کے لیے شفاعت ہے تو وہ آپ ( صلی اللہ علیہ وسلم ) کی شفاعت کے زیادہ حقدار ہیں یا انہیں اس دنیا میں ہی اس طرح آزمایا گیا کہ اس بنا پر وہ (غلطی ) ان سے مٹادی گئی۔ پس جب یہ چیز ان کی ثابت شدہ غلطیوں کی وجہ سے ہے تو کیسی حالت ہو گی ان معاملات میں جن میں انھوں نے اجتہاد کیا ؟ اگر ان کا اجتہاد درست تھا تو ان کے لیے دو اجر ہیں اور اگر انھوں نے اجتہاد میں غلطی کی تو ان کے لیے ایک اجر ہے اور (ان) کی خطا معاف کر دی گئی ہے۔
عقيدة الواسطية ص121-120
(14) علامہ نووی رحمہ اللہ (المتوفی 676ھ) نے کہا:
”مذهب أهل السنة والحق إحسان الظن بهم والإمساك عما شجر بينهم وتأويل قتالهم وأنهم مجتهدون متأولون لم يقصدوا معصية ولا محض الدنيا بل اعتقد كل فريق أنه المحق ومخالفه باغ فوجب عليه قتاله ليرجع إلى أمر الله وكان بعضهم مصيببا وبعضهم مخطئا معذورا فى الخطأ لأنه لاجتهاد والمجتهد إذا أخطأ لا إثم عليه وكان على رضى الله عنه هو المحق المصيب فى تلك الحروب هذا مذهب أهل السنة . “
اہل السنۃ اور اہل حق کا مذہب یہ ہے کہ ان ( صحابہ کرام رضی اللہ عنہم ) کے بارے میں حسن ظن رکھا جائے اور ان کے درمیان ہونے والے مشاجرات کو (بیان ) کرنے سے باز رہا جائے اور ان کے قتال کی تاویل کرے، کیونکہ وہ مجہتد تاویل کرنے والے تھے، انھوں نے (اللہ عز وجل) کی نافرمانی اور محض دنیا ( کے مال) کا ارادہ نہیں کیا، بلکہ (ان میں سے ) ہر فریق سمجھتا تھا کہ وہ حق پر ہے اور اس کا مخالف باغی ہے ،سو اس سے قتال کرنا واجب ہے تا کہ وہ اللہ کے امر کی طرف لوٹ آئے۔ بعض ان میں سے حق پر تھے اور بعض خطا پر اور وہ خطا میں بھی معذور تھے ، کیونکہ انھوں نے اجتہاد کیا اور مجتہد جب اجتہاد میں خطا کرتا ہے تو اس پر اس کا کوئی گناہ نہیں اور سیدنا علی رضی اللہ عنہ ان جنگوں میں حق پر تھے ،اہل سنت کا یہی موقف ہے۔
شرح للنووي على مسلم 16/18 كتاب الفتن
(15) امام ذہبی رحمہ اللہ (متوفی 748ھ) نے کہا:
”الكف عن كثير مما شجر بين الصحابة ، وقتالهم – رضي الله عنهم أجمعين – وما زال يمر بنا ذلك فى الدواوين، والكتب ، والأجزاء ، ولكن أكثر ذلك منقطع ، وضعيف، وبعضه كذب، وهذا فيما بأيدينا وبين علمائنا، فينبغي طيه وإخفاؤه، بل إعدامه ، لتصفو القلوب، وتتوفر على حب الصحابة، والترضى عنهم، وكتمان ذلك متعين عن العامة ، وآحاد العلماء ، وقد يرخص فى مطالعة ذلك خلوة للعالم المنصف ، العري من الهوى، بشرط أن يستغفر لهم ، كما علمنا الله – تعالى – حيث يقول: ﴿والذين جاءو من بعدهم يقولون ربنا اغفر لنا ولإخواننا الذين سبقونا بالإيمان ولا تجعل فى قلوبنا غلا للذين آمنوا﴾ الحشر: 10 . فالقوم لهم سوابق وأعمال مكفرة لما وقع منهم ، وجهاد محاء ، وعبادة ممحصة، ولسنا ممن يعلو فى أحد منهم ، ولا ندعي فيهم العصمة ، نقطع بأن بعضهم أفضل من بعض .
صحابہ کرام ( رضی اللہ عنہم ) کے درمیان جو بہت سے اختلافات و مشاجرات ہوئے ان کو (بیان ) کرنے سے رک جانا چاہیے، ہمارے رجسٹروں، کتابوں اور اجزاء میں ہمیشہ یہ چیزیں رہی ہیں لیکن اکثر ان میں سے منقطع اور ضعیف ہیں اور بعض ان میں سے جھوٹی ہیں۔ یہ جو کچھ ہمارے اور ہمارے علماء کے سامنے ہے، لازم ہے کہ اسے لپیٹ کر پوشیدہ رکھیں بلکہ معدوم کر دینا چاہیے تا کہ دل صاف ہو جائیں اور صحابہ کرام ( رضی اللہ عنہم ) کی محبت زیادہ ہو ، اور ان سے رضامندی ہو۔ یہ خاص ( مختلف فیہ امور ) عام لوگوں و عام اہل علم سے مخفی رکھنا ضروری ہے، البتہ منصف مزاج عالم کو جو خواہشات کا پیرو نہ ہو خلوت میں اس کے مطالعہ کی رخصت دی گئی ہے، بشرطیکہ وہ ان کے لیے استغفار کرے، جس طرح اللہ تعالیٰ نے ہمیں سکھایا ہے۔ ارشادِ باری تعالی ہے: ﴿وَالَّذِينَ جَاءُوْ مِنْ بَعْدِهِمْ يَقُولُونَ رَبَّنَا اغْفِرْ لَنَا وَلِإِخْوَانِنَا الَّذِينَ سَبَقُونَا بِالْإِيمَانِ وَلَا تَجْعَلْ فِي قُلُوبِنَا غِلَّا لِلَّذِينَ آمَنُوا﴾ ”اور وہ لوگ جو ان کے بعد آئے کہتے ہیں: اے ہمارے رب! بخش دے ہمیں اور ہمارے ان بھائیوں کو جو ایمان میں ہم سے ۔ سے سبقت لے گئے اور ہمارے دلوں میں ان لوگوں کے لیے کینہ نہ بنا جو ایمان لائے ۔ “
پس ان لوگوں کے لیے اچھے امور و اعمال ان کے اختلافات کا کفارہ ہیں اور جہاد بھی ان کی خطاؤں کو مٹا دینے والا ہے اور عبادت بھی ان کے گناہوں کو مٹا دیتی ہے، نیز ہم ان میں سے کسی ایک کے بارے میں بھی غلو کرنے والے نہیں ، اور نہ ہم ان کی معصومیت کا دعوی کرتے ہیں۔ ہم یقین رکھتے ہیں کہ بعض بعض سے افضل ہیں۔
سیر اعلام النبلاء 39/7
(16) امام قرطبی رحمہ اللہ (متوفی 671ھ) نے فرمایا:
”لا يجوز أن ينسب إلى أحد من الصحابة خطأ مقطوع به ، إذ كانوا كلهم اجتهدوا فيما فعلوه وأرادوا الله عز وجل، وهم كلهم لنا أئمة، وقد تعبدنا بالكف عما شجر بينهم ، وألا نذكرهم إلا بأحسن الذكر ، لحرمة الصحبة ولنهى النبى صلى الله عليه وسلم عن سبهم، وأن الله غفر لهم، وأخبر بالرضا عنهم . “
یہ جائز نہیں کہ صحابہ میں سے کسی صحابی کی طرف قطعی طور پر خطا کو منسوب کیا جائے ، جب کہ ان میں سے جس نے بھی عمل کیا اس میں وہ مجہتد تھا اور اللہ تعالیٰ کی (رضا) ہی کا ارادہ رکھتے تھے۔ وہ سب ہمارے امام ہیں، ان کے درمیان جو اختلاف ہوا، ہم اس سے باز رہنے کے پابند ہیں۔ ہم ان کا ذکر احسن انداز ہی میں کریں گے، کیونکہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم احترام کے مستحق ہیں اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے انھیں برا بھلا کہنے سے منع کیا ہے، بلا شبہ اللہ تعالیٰ نے انھیں بخش دیا اور ان سے راضی ہونے کی خبر دی ہے۔
الجامع لأحکام القرآن 382/19
(17) حافظ ابن حجر عسقلانی رحمہ اللہ ( متوفی 852ھ) نے فرمایا:
”اتفق أهل السنة على وجوب منع الطعن على أحد من الصحابة بسبب ما وقع لهم من ذلك ولو عرف المحق منهم لأنهم لم يقاتلوا فى تلك الحروب إلا عن اجتهاد وقد عفا الله تعالى عن المخطء فى الاجتهاد بل ثبت أنه يؤجر جرا واحدا وأن المصيب يؤجر أجرين .“
صحابہ کرام ( رضی اللہ عنہم ) میں سے کسی ایک پر بھی طعن نہ کرنے کے وجوب پر اہل سنت کا اتفاق ہے۔ ان کے درمیان جو اختلافات ہوئے ، اگرچہ ان میں سے جو حق پر ہے واضح ہو جائے ، کیونکہ انھوں نے یہ جنگیں اجتہاد کی بنا پر کی ہیں اور اللہ تعالیٰ نے اجتہاد میں غلطی کرنے والے کو معاف کر دیا ہے، بلکہ (یہ بھی ) ثابت ہے کہ اس ( مجتہد مخطی ) کو ایک اجر دیا جائے گا اور درست اجتہاد کرنے والے کو دوہرا اجر دیا جائے گا۔
فتح الباري 34/13
بعض لوگ خاص کر سیدنا امیر معاویہ رضی اللہ عنہ کو برا بھلا کہتے ہیں کہ انھوں نے حکومت کے لیے سیدنا علی رضی اللہ عنہ سے لڑائی کی ہے، لہذا ہم اب بطور خاص امیر معاویہ رضی اللہ عنہ کے بارے میں چند باتیں ذکر کریں گے، ملاحظہ فرمائیں:
”يعلى بن عبيد الحنفي نا أبى قال جاء أبو مسلم الخولاني و أناس معه إلى معاوية فقالوا له أنت تنازع فليا أم أنت مثله؟ فقال معاوية: لا و الله إني لأعلم أن عليا أفضل مني و أنه لأحق بالأمر مني ولكن ألستم تعلمون أن عثمان قتل مظلوما و أنا بن عمه و إنما أطلب بدم عثمان فاتتوه فقولوا له فليدفع إلى قتلة عثمان و أسلم له فأتوا عليا فكلموه بذلك فلم يدفعهم إليه“
یعلی بن عبید الحنفی اپنے والد سے بیان کرتے ہیں، انھوں نے کہا: ابو مسلم الخولانی اور ان کے ساتھ دیگر لوگ سیدنا معاویہ ( رضی اللہ عنہ ) کے پاس آئے اور عرض کیا: آپ سیدنا علی ( رضی اللہ عنہ ) سے جھگڑا کرنا چاہتے ہیں یا خود کو ان کی طرح سمجھتے ہیں؟ تو امیر معاویہ ( رضی اللہ عنہ ) نے کہا : نہیں ، اللہ کی قسم ! میں جانتا ہوں کہ علی ( رضی اللہ عنہ ) مجھ سے افضل ہیں اور وہ خلافت کے بھی مجھ سے زیادہ حقدار ہیں لیکن کیا تم نہیں جانتے کہ سیدنا عثمان ( رضی اللہ عنہ ) کو مظلومانہ شہید کیا گیا ہے اور میں ان کے چچا کا بیٹا ہوں۔ میں سیدنا عثمان ( رضی اللہ عنہ ) کے قصاص کا مطالبہ کرتا ہوں ۔ تم جاؤ اور ان (سیدنا علی رضی اللہ عنہ ) سے کہو کہ وہ سیدنا عثمان (رضی اللہ عنہ) کے قاتل میرے حوالے کر دیں تو میں ان کی بیعت کرلوں گا، چنانچہ وہ سیدنا علی (رضی اللہ عنہ ) کے پاس آئے اور انھوں نے اس سلسلے میں آپ سے بات کی لیکن سیدنا علی رضی اللہ عنہ نے قاتلوں کو ان کے حوالے نہ کیا۔
تاریخ دمشق 132/59 وسنده حسن
(1) امام ابونعیم اصبہانی نے کہا:
فلم يختلف أحد من أهل العلم فى كل زمان أن أصحاب رسول الله صلى الله عليه وسلم فيما اختلفوا فيه واجتهدوا فيه من الر أى مأجورون ومحمودون، وإن كان الحق مع بعضهم دون الكل، ولا يعنف من قال بقول بعضهم وترك قول بعض ، وأنه عنده مصيب الحق الذى أمر به من طريق الر أى والاجتهاد .
اہل علم میں سے کسی ایک نے کسی بھی دور میں اس بات میں اختلاف نہیں کیا کہ بے شک اصحاب رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے جس چیز میں اختلاف کیا، اس میں انھوں نے اپنی رائے سے اجتہاد کیا تو ان کو اجر دیا گیا اور وہ تعریف کیے گئے ، حالانکہ حق ان کے بعض کے ساتھ تھا، سب کے ساتھ نہیں ، اور جس نے ان میں سے ایک کے قول کو لیا اور دوسرے کے قول کو ترک کر دیا اسے نا پسند نہیں کیا جائے گا، بے شک وہ (صحابی ) اس کے نزدیک حق کو پہنچنے والا ہے۔ جس نے اپنے اجتہاد اور رائے کے ذریعے فتویٰ دیا۔
كتاب الإمامة لأبي نعيم الأصبهاني ص 310
(2) امام ابو عمر وعثمان بن سعید الدانی نے کہا:
” و من قولهم: أن يحسن القول فى السادات الكرام ، أصحاب محمد صلى الله عليه وسلم ، و أن تذكر فضائلهم، وتنشر محاسنهم، ويمسك عما سوى ذلك مما شجر بينهم لقوله صلى الله عليه وسلم : ﴿إذا ذكر أصحابي فأمسكوا﴾ يعني: إذا ذكروا بغير الجميل، و لقوله صلى الله عليه وسلم : ﴿الله الله فى أصحابي﴾ ، و يجب أن يلتمس لهم أحسن المخارج ، وأجمل المذاهب ، لمكانهم من الإسلام، وموضعهم من الدين و الإيمان ، و أنهم أهل الر أى والاجتهاد، وأنصح الناس للعباد، قال الله تعالى فيهم: ﴿ونزعنا ما فى صدورهم من غل إخوانا على سرر متقبلين﴾
الحجر 47
اور ان (اہل سنت والجماعت) کا قول یہ ہے کہ تو سادات کرام یعنی نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے صحابہ کے بارے میں اچھی بات کہے اور تو ان کے فضائل کا تذکرہ کرے اور ان کی نیکیوں کو پھیلائے اور اس کے علاوہ جو ان کے آپس کے جھگڑے ہیں، ان سے تو رک جائے ، کیونکہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ” جب میرے صحابی کا ذکر کیا جائے ، تو تم رک جاؤ ۔“ یعنی جب ان کا تذکرہ برائی سے کیا جائے ( تو تم رک جاؤ )، اسی طرح آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”اللہ سے ڈرو، میرے صحابہ کے بارے میں اللہ سے ڈرو۔“ نیز یہ واجب ہے کہ دین اسلام میں ان کے مقام و مرتبہ کی وجہ سے ان کے لیے بہترین توجیہ تلاش کی جائے اور بے شک وہ رائے اور اجتہاد کرنے والے ہیں اور سب سے زیادہ بندوں کے خیر خواہ ہیں اور انہی کے بارے میں اللہ جل شانہ نے فرمایا ہے : ”ان کے دلوں میں جو کچھ بحش و کینہ تھا ہم سب کچھ نکال دیں گے، بھائی بھائی بنے ہوئے ایک دوسرے کے سامنے تختوں پر بیٹھے ہوں گے“
الرسالة الوافية لمذهب أهل السنة لأبي عمرو الداني ص132
(3) امام ابن کثیر رحمہ اللہ نے کہا:
”و أما ما شجر بينهم بعده عليه الصلاة و السلام، فمنه ما وقع عن غير قصد، كيوم الجمل، ومنه ما كان عن اجتهاد، كيوم صفين، و الاجتهاد يخطي و يصيب، ولكن صاحبه معدور و إن أخطأ ، و مأجور أيضا ، و أما المصيب فله أجران اثنان ، و كان على وأصحابه أقرب إلى الحق من معاوية و أصحابه رضي الله عنهم أجمعين“
اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے بعد ان میں جو اختلاف ہوئے ہیں ان میں سے بعض تو بغیر ارادے کے ہوئے جیسے جنگ جمل اور بعض اجتہاد سے ہوئے جیسے جنگ صفین ، اجتہاد صحیح بھی ہوتا ہے اور غلط بھی ہوتا ہے، لیکن اجتہاد کرنے والا معذور ہے اگر چہ اسے غلطی لگے ، اسے اجر بھی ملتا ہے اور اگر اجتہاد صحیح ہو تو دو اجر ملتے ہیں۔ (سیدنا) علی ( رضی اللہ عنہ ) اور ان کے ساتھی ( مقابل میں سیدنا ) معاویہ ( رضی اللہ عنہ ) اور ان کے ساتھیوں کی نسبت حق کے زیادہ قریب تھے ۔ اللہ ان سب سے راضی ہو جائے۔
اختصار علوم الحديث ص 116
الحمد للہ ! ہم نے اس مضمون میں تابعین سے لے کر حافظ ابن حجر تک اس بات کو ثابت کیا ہے کہ ہر دور میں تمام محدثین و علماء کرام اس بات پر متفق رہے ہیں کہ صحابہ کرام کے آپس کے اختلافات کو عوام کے سامنے بیان نہ کیا جائے اور آج تک اس پر اجماع ہے لیکن اس دور میں کچھ لوگ مشاجرات صحابہ کو عوام میں پھیلانے میں دن رات مشغول ہیں اور اس پر دلیل یہ دیتے ہیں کہ امام مسلم نے صحیح مسلم کے مقدمے میں لکھا ہے کہ میں نے یہ صحیح مسلم لکھی ہی عوام کے لیے ہے اور امام مسلم نے مشاجرات صحابہ کے بارے میں احادیث کو صحیح مسلم میں بیان کیا ہے، لہذا ثابت ہوا کہ مشاجرات صحابہ کو عوام کے سامنے بیان کرنے میں کوئی حرج نہیں۔
پہلی بات تو یہ ہے کہ صحیح مسلم کے مقدمے میں مجھے کہیں نہیں ملا کہ امام صاحب نے لکھا ہو کہ میں نے صحیح مسلم عوام ہی کے لیے لکھی ہے، البتہ یہ بات امام صاحب نے لکھی ہے:
”حين سألتني تجسم ذلك أن لو عزم لى عليه، وقضي لي تمامه، كان أول من يصيبه نفع ذلك إياي خاصة قبل غيري من الناس لأسباب كثيرة يطول بذكرها الوصف إلا أن جملة ذلك أن ضبط القليل من هذا الشأن، وإثقانه ، أيسر على المرء من معالجة الكثير منه، ولا سيما عند من لا تمييز عنده من العوام، إلا بأن يوقفه على التمييزغيره إلخ “
” جب تو نے مجھے اس بات کی تکلیف دی ، اگر یہ کام مجھ سے ہو جائے اور اس کو پایہ تکمیل تک پہنچانا میری تقدیر میں لکھا ہو گا تو سب سے پہلے دوسروں کی بنسبت مجھے خود ہی اس کا فائدہ ہوگا، کئی اسباب سے، جن کا بیان کرنا طویل ہو جائے گا ،مگر خلاصہ یہ ہے کہ اس معیار کی تھوڑی احادیث کو یاد کرنا اور انھیں پختہ کرنا آدمی کے لیے زیادہ آسان ہے بنسبت بہت زیادہ جمع کرنے سے، خاص طور پر اس آدمی کے لیے جو عوام الناس میں سے ہے اور اسے زیادہ پہچان نہیں ، الا یہ کہ کوئی صاحب فن اسے صحیح و سقیم میں فرق پر آگاہ کر دے الخ “
مقدمة الإمام مسلم رحمه الله 3/1
اس میں چند باتیں توجہ طلب ہیں:
اس سے یہ مفہوم اخذ کرنا کہ مشاجرات صحابہ کو عوام کے سامنے پھیلا نا اور یہ باور کرنا کہ یہ امام مسلم کا مسلک تھا کئی وجہ سے غلط ہے:
1: یہ مفہوم کسی محدث نے اخذ نہیں کیا۔
2: یہ مفہوم اجماع امت کے خلاف ہے۔
3: یہ کہ امام مسلم کا مسلک بھی مشاجرات صحابہ کے بارے میں وہی تھا جو باقی محدثین کا تھا، دلیل اس کی یہ ہے کہ امام ابو حاتم اور امام ابو زرعہ کے اقوال پیچھے گزر چکے ہیں، وہ کہتے ہیں کہ انھوں نے شام ، عراق ، حجاز، یمن اور مصر کے تمام علماء کو اسی پر پایا ہے کہ وہ مشاجرات صحابہ کے بارے میں سکوت کا حکم دیتے تھے اور یہ تینوں امام ایک ہی زمانے کے ہیں اگر امام مسلم کا عقیدہ ان کے خلاف ہوتا تو وہ ضرور بیان کرتے۔
4 : اور یہ روایات صرف امام مسلم نے ہی نہیں بلکہ اور بھی محدثین نے بیان کی ہیں اور یہ مفہوم ان محدثین کے صریح اقوال کے خلاف ہے لہذا مردود ہے۔ اسی طرح عوام میں ہر طرح کے لوگ ہوتے ہیں ، تو جب اس طرح کے بیانات ان کے سامنے دیئے جائیں تو بعض لوگ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے بارے میں بُری باتیں کرتے ہیں بلکہ ہم نے خود اس طرح کے بیانات دینے والوں کو سنا ہے، وہ کہتے ہیں ہم امیر معاویہ سے محبت نہیں کرتے تو بغض بھی نہیں رکھتے۔
نعوذ بالله من ذلك
حالانکہ امیر معاویہ رضی اللہ عنہ سمیت تمام صحابہ کرام رضی اللہ عنہم سے محبت کرنا ہمارے لیے ضروری ہے اور ہمارے ایمان کا حصہ ہے اور نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے کسی ایک بھی صحابی سے بغض رکھنا اور محبت نہ کرنا حرام ہے۔
اہل سنت کے عقائد پر جتنی بھی کتابیں لکھی گئی ہیں، ان میں نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے تمام صحابہ سے محبت کو ایمان کا حصہ قرار دیا گیا ہے، اس کے برعکس دو ایسے گروہ ہیں جو سیدھے راستے سے بھٹک گئے اور گمراہ ہو گئے ایک ان میں سے روافض کا گروہ ہے جو ابو بکر و عمر وعثمان اور امیر معاویہ رضی اللہ عنہم کے بارے میں زبان درازی کرتے ہیں اور ان سے براءت کا اظہار کرتے ہیں، اور دوسرا گروہ ناصبیوں کا ہے، جو علی رضی اللہ عنہ سے بغض رکھتے ہیں، یہ دونوں ہی گمراہ ہیں اور اہل سنت کا راستہ درمیان کا ہے، وہ تمام صحابہ کرام نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت کرتے ہیں اور ان کے آپس کے اختلافات پر سکوت کرتے ہیں اور ان کے لیے بخشش اور رحمت کی دعائیں کرتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کو قرآن وسنت پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے۔
وما علينا إلا البلاغ المبين

یہ پوسٹ اپنے دوست احباب کیساتھ شئیر کریں

فیس بک
وٹس اپ
ٹویٹر ایکس
ای میل

موضوع سے متعلق دیگر تحریریں:

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے