دینی جذبہ کم کیوں ہو جاتا ہے؟ صحابہ کا عمل اور نبوی رہنمائی
ماخوذ: احکام و مسائل، عقائد کا بیان، جلد 1، صفحہ 71

سوال

جب ہم کسی جلسے، مسجد میں خطبہ جمعہ یا کسی دینی محفل میں ہوتے ہیں تو بہت زیادہ جذبہ اور جوش محسوس ہوتا ہے، لیکن جیسے ہی ہم وہاں سے نکلتے ہیں تو وہ جذبات ماند پڑ جاتے ہیں۔ اس کا کیا علاج ہے؟

جواب

الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!

یہ کیفیت صرف ہمارے ساتھ نہیں ہوتی بلکہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم پر بھی بعض اوقات ایسی ہی کیفیت طاری ہو جایا کرتی تھی۔ اس حوالے سے "مشکوٰۃ المصابیح” کتاب الدعوات، باب ذکر اللہ عزوجل والتقرب إلیه، فصل اول کی آخری حدیث پڑھ لیجیے، ان شاء اللہ دل کو تسلی ملے گی۔

حدیث کا مفہوم:

حنظلہ بن ربیع اسیدی رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں:

حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ نے مجھ سے ملاقات کی اور پوچھا: "اے حنظلہ! تمہارا کیا حال ہے؟”
میں نے جواب دیا: "حنظلہ منافق ہو گیا ہے۔”
حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ نے فرمایا: "سبحان اللہ! تم کیا کہہ رہے ہو؟”
میں نے کہا: "جب ہم رسول اللہ ﷺ کے پاس ہوتے ہیں، آپ ﷺ ہمیں جنت و دوزخ کی نصیحتیں کرتے ہیں، ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے ہم جنت و دوزخ کو آنکھوں سے دیکھ رہے ہوں۔ لیکن جب ہم آپ ﷺ کی مجلس سے اُٹھ کر اپنے گھروں کو لوٹتے ہیں اور بیوی بچوں، زمینوں اور باغات میں مشغول ہو جاتے ہیں تو وہ سب باتیں ہمیں بھول جاتی ہیں۔”
ابوبکر رضی اللہ عنہ نے کہا: "اللہ کی قسم! یہی حالت ہماری بھی ہو جاتی ہے۔”
پھر میں اور ابوبکر رضی اللہ عنہ رسول اللہ ﷺ کے پاس حاضر ہوئے۔ میں نے عرض کیا: "اے اللہ کے رسول ﷺ! حنظلہ منافق ہو گیا ہے۔”
رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: "اسے کیا ہوا؟”
میں نے عرض کیا: "اے اللہ کے رسول ﷺ! جب ہم آپ کے پاس ہوتے ہیں تو آپ ہمیں جنت و دوزخ کی اس طرح نصیحت کرتے ہیں کہ ہم انہیں اپنی آنکھوں سے دیکھتے محسوس کرتے ہیں، لیکن جب ہم آپ کی مجلس سے اٹھ کر اپنے گھر والوں اور زمینوں میں مشغول ہو جاتے ہیں تو بہت سی باتیں بھول جاتے ہیں۔”
رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:
"اس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے! اگر تم ہمیشہ اسی حالت میں رہو جس حالت میں میرے پاس ہوتے ہو، تو فرشتے تم سے تمہارے بستروں پر اور راستوں میں مصافحہ کریں۔”
پھر آپ ﷺ نے فرمایا:
اے حنظلہ! ایک ساعت (گھڑی) ایسی ہو اور ایک ساعت ایسی ہو (یعنی دین اور دنیا کے درمیان توازن رکھو)”، یہ بات آپ ﷺ نے تین بار دہرائی۔

ھذا ما عندي والله أعلم بالصواب

یہ پوسٹ اپنے دوست احباب کیساتھ شئیر کریں

فیس بک
وٹس اپ
ٹویٹر ایکس
ای میل

موضوع سے متعلق دیگر تحریریں:

تبصرہ کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

1