کیا انسان کی طرح (روز قیامت) جنوں کو بھی اکٹھا کیا جائے گا ؟
جواب :
جی ہاں،
اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے :
«فَوَرَبِّكَ لَنَحْشُرَنَّهُمْ وَالشَّيَاطِينَ ثُمَّ لَنُحْضِرَنَّهُمْ حَوْلَ جَهَنَّمَ جِثِيًّا» [مريم: 68]
”تو قسم ہے تیرے رب کی ! بے شک ہم ان کو اور شیطانوں کو ضرور اکٹھا کریں گے، پھر بے شک ہم انھیں جہنم کے گرد ضرور گھٹنوں کے بل گرے ہوئے حاضر کریں گے۔“
« وَيَوْمَ يَحْشُرُهُمْ جَمِيعًا يَا مَعْشَرَ الْجِنِّ قَدِ اسْتَكْثَرْتُم مِّنَ الْإِنسِ ۖ وَقَالَ أَوْلِيَاؤُهُم مِّنَ الْإِنسِ رَبَّنَا اسْتَمْتَعَ بَعْضُنَا بِبَعْضٍ وَبَلَغْنَا أَجَلَنَا الَّذِي أَجَّلْتَ لَنَا ۚ قَالَ النَّارُ مَثْوَاكُمْ خَالِدِينَ فِيهَا إِلَّا مَا شَاءَ اللَّهُ ۗ إِنَّ رَبَّكَ حَكِيمٌ عَلِيمٌ » [الأنعام: 128]
”اور جس دن وہ ان سب کو جمع کرے گا، اے جنوں کی جماعت! بلاشبہ تم نے بہت سے انسانوں کو اپنا بنا لیا اور انسانوں میں سے ان کے دوست کہیں گے اے ہمارے رب! ہمارے بعض نے بعض سے فائدہ اٹھایا اور ہم اپنے اس وقت کو پہنچ گئے جو تو نے ہمارے لیے مقرر کیا تھا۔ فرمائے گا آگ ہی تمھارا ٹھکانا ہے، اس میں ہمیشہ رہنے والے ہو مگر جو اللہ چاہے۔ بے شک تیرا رب کمال حکمت والا، سب کچھ جاننے والا ہے۔“
«فَوَرَبِّكَ لَنَحْشُرَنَّهُمْ» اللہ تعالیٰ نے دلیل قائم کرنے کے بعد اپنی ذات کی قسم کھائی ہے کہ وہ انھیں ان کی قبروں سے آخرت کے دن اسی طرح اکٹھا کرے گا، جیسے وہ مومنوں کو اکٹھا کرے گا۔
«وَالشَّيَاطِينَ» یعنی ہم ان کے دوستوں شیاطین کو بھی اکٹھا کریں گے۔
ایک قول یہ بھی ہے کہ ہر کافر کو ایک شیطان کے ساتھ ایک زنجیر میں اکٹھا کیا جائے گا، جیسے اللہ تعالیٰ نے فرمایا:
« احْشُرُوا الَّذِينَ ظَلَمُوا وَأَزْوَاجَهُمْ وَمَا كَانُوا يَعْبُدُونَ» [الصافات: 22]
اکٹھا کرو ان لوگوں کو جنہوں نے ظلم کیا اور ان کے جوڑوں کو اور جن کی وہ عبادت کیا کرتے تھے۔
مطلب یہ ہے کہ کافروں کو ان کے دوستوں،ان شیاطین کے ساتھ اکٹھا کیا جائے گا جنھوں نے انھیں گمراہ کیا تھا۔