ایام بیض کے روزے رکھنا مستحب ہے
➊ حضرت ملحان قیسی رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ہمیں ایام بیض یعنی چاند کی ، تیرہ ، چودہ اور پندرہ تاریخ کو روزہ رکھنے کا حکم دیتے تھے اور فرماتے:
هن كهيئة الدهر
”یہ ہمیشہ کے روزوں کی مانند ہیں ۔“
[صحيح: صحيح أبو داود: 2139 ، كتاب الصوم: باب فى صوم الثلاث من كل شهر ، أبو داود: 2449 ، مسلم: 1162 ، نسائي: 2432 ، ابن ماجة: 1707]
➋ حضرت ابو ذر رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلى الله عليه وسلم نے فرمایا کہ ”اے ابو ذر! جب تو مہینے میں تین روزے رکھے تو (چاند کی) تیرہ ، چودہ اور پندرہ (تاریخ کو ) روزے رکھ ۔“
[حسن صحيح: صحيح ترمذى: 608 ، كتاب الصوم: باب فى صوم ثلاثة من كل شهر ، إرواء الغليل: 947 ، ترمذي: 761 ، نسائي: 222/4 ، ابن خزيمة: 2128 ، أحمد: 152/5 ، عبد الرزاق: 7873 ، بيهقي: 294/4]
➌ حضرت ابوذر رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”جس نے ہر ماہ تین روزے رکھے:
فذلك صيام الدهر
”تو یہ ہمیشہ کے روزوں کی مانند ہوں گے۔“
اور اللہ تعالیٰ نے اس کی تصدیق اپنی کتاب میں نازل فرمائی ہے:
من جَاءَ بِالْحَسَنَةِ فَلَهُ عَشْرُ أَمْثَالِهَا [الأنعام: 160]
”یعنی ایک دن دس دنوں کے برابر ہے ۔“
[صحيح: صحيح ترمذي: 609 أيضا ، ترمذى: 762 ، أحمد: 145/5 ، نسائي: 219/4 ، ابن ماجة: 1708]
ایام بیض کا معنی شارع علیہ السلام نے خود ہی متعین فرما دیا ہے یعنی ہر ماہ چاند کی تیرہ ، چودہ اور پندرہ تاریخ کے دن ۔
(جمہور) اسی کے قائل ہیں ۔
[شرح مسلم للنووى: 308/4 ، فتح البارى: 749/4 ، نيل الأوطار: 235/3]